.

یمنی فوج کی پیش قدمی ، حوثیوں کے ہاتھوں الحدیدہ سے بھاری رقوم صنعاء منتقل

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

یمن میں سرکاری فوج اور عرب اتحاد کی فورسز کے الحدیدہ شہر کے جنوبی حصوں کے نزدیک آنے کے ساتھ ہی حوثی ملیشیا نے الحدیدہ میں بینکوں کی رقوم صنعاء شہر منتقل کرنا شروع کر دی ہیں۔ یہ بات مقامی میڈیا نے حوثی ملیشیا کے قریبی ذرائع کے حوالے سے بتائی ہے۔

ایک ویب سائٹ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ حوثی نگرانوں اور عسکری قیادت نے گزشتہ دو روز کے دوران بھاری رقوم کی منتقلی کی نگرانی کی۔ اس دوران یہ رقم مسلح افراد کے پہرے میں بکتر بند گاڑیوں میں بھر کر صنعاء پہنچائی گئی۔

بینک ذرائع نے بھی تصدیق کی ہے کیہ صنعاء کے بینکوں میں ہفتے کے روز الحدیدہ سے آنے والی بھاری رقوم جمع کی گئیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ رقوم کی منتقلی سخت سکیورٹی انتظامات کے بیچ عمل میں آئی۔

دوسری جانب یمنی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ عرب اتحاد کے طیاروں نے صنعاء کے جنوب میں جبل نہدین کے پہاڑی علاقے میں حوثی ملیشیا کے ٹھکانوں پر متعدد حملے کیے۔

مقامی ذرائع کے مطابق مذکورہ علاقے میں یکے بعد دیگر زوردار دھماکے سُنے گئے۔ حملوں کے بعد علاقے سے دھوئیں کے گہرے بادل اُٹھتے دکھائی دیے۔ علاوہ ازیں صنعاء کے مشرق میں واقع ضلعے نہم میں بھی حوثیوں کے ٹھکانوں کو فضائی حملوں کا نشانہ بنایا گیا۔