.

’جب کھلاڑیوں کو میچ کے دوران ایمبولینس کو دھکا لگانا پڑا‘

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

برازیل کے ایک اسٹیڈیم میں ہفتے کے روز دو فٹ بال ٹیموں کے درمیان کھیلے جانے والے ایک میچ کے دوران اس وقت دلچسپ صورت حال پیدا ہوگئی جب ایک زخمی کھلاڑی کوعلاج کے لیے اسٹیڈیم سے باہرلے جانے کے لیے ایمبولینس منگوائی گئی تو وہ اچانک چلنا بند ہوگئی۔ ایمبولینس کو اسٹیڈیم سے باہر نکالنے کے لیے بالآخر کھلاڑیوں ہی کو اپنی طاقت استعمال کرنا پڑی۔ انہوں نے ایمبولینس کو دھکا دے کر اسٹیڈیم سے باہر نکالا۔

’العربیہ ڈاٹ نیٹ‘ کے مطابق اس واقعے کی فوٹیج بھی ویڈیو شیئرنگ ویب سائیٹ ’یوٹیوب‘ پر وائرل ہوئی ہے جس میں کھلاڑیوں کو میچ چھوڑ کر ایمبولینس کو دھکا لگاتے دیکھا جاسکتا ہے۔

یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب فلامنگو کلب اور فاسکو دا گیما کے درمیان فٹ بال میچ جاری تھا۔

اس دوران دوسرے راؤنڈ میں کھلاڑی برونو سیلفا گر کر زخمی ہوگئے۔ انہیں اسپتال منتقل کرنے کے لیے ایمبولینس منگوائی گئی۔

’مانی گرینشا‘ اسٹیڈیم میں پیش آنے والے واقعے کے وقت وہاں پر 54 ہزار تماشائی بھی موجود تھے۔

مقامی سپورٹ ٹی وی سے بات کرتے ہوئے فلامنگو کے ریفری نے کہا کہ یہ اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہے کہ اسٹیڈیم میں کھلاڑے کو لے جانے والی ایمبولینس خراب ہوگئی اور اسے دھکا لگا کر اسٹارٹ کرنا پڑا ہے۔