.

فرانس کے صدر کو ایک اور دھچکا ، وزیر داخلہ کا اگلے برس مستعفی ہونے کا اعلان

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

فرانس کے وزیر داخلہ جیرالڈ کولم نے اعلان کیا ہے کہ وہ 2019ء میں یورپی پارلیمنٹ کے انتخابات کے بعد اپنے منصب سے مستعفی ہو جائیں گے تا کہ فرانس کے شہر لیوں کے میئر کے انتخابات میں حصّہ لے سکیں۔

کولم کے اس اعلان نے موسم گرما کی تعطیلات گزار کر آنے والے فرانسیسی صدر عمانوئل ماکروں کی کام پر واپسی کے بعد پریشانیوں میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

پہلے روز سے ہی ملک کے صدر کے مخلص اور وفادار سینئر وزیر کی جانب سے کوچ کے ارادے کا یہ اعلان ،،، فرانس کے ماحولیات کے وزیر نکولا اولو کے اچانک مستعفی ہونے کے ایک ماہ بعد سامنے آیا ہے۔ ادھر عوامی سروے رپورٹس میں عمانوئل ماکروں کی مقبولیت میں کمی کو بریک نہیں لگ پا رہے ہیں۔

ایک فرانسیسی نیوز میگزین L'Express میں منگل کے روز شائع انٹرویو میں 71 سالہ کولم نے کہا کہ وہ 2020ء میں لیوں شہر کے میئر کے انتخابات کے لیے کھڑے ہوں گے۔ انہوں نے ازراہ مذاق کہا کہ "بلدیاتی انتخابات ابھی دُور ہیں۔ اگر اُس وقت تک مجھے کسی خطرناک مرض نے نہ آ گھیرا تو میں انتخابات میں ضرور حصّہ لوں گا"۔ کولم کا مزید کہنا تھا کہ "میں سمجھتا ہوں کہ جو وزراء 2020ء میں بلدیاتی انتخابات میں نامزد ہونا چاہتے ہیں اُنہیں چاہیے کہ مئی 2019ء میں یورپی پارلیمنٹ کے انتخابات کے بعد حکومت سے کوچ کر جائیں"۔

جیرالڈ کولم 16 برس تک لیون شہر کے میئر کے عہدے پر فائر رہ چکے ہیں۔ اس کے بعد صدر ماکروں نے مئی 2017ء میں انہیں وزیر داخلہ کا تزویرانی عہدہ سونپ دیا۔

یاد رہے کہ فرانس کے صدر عمانوئل ماکروں کو رواں سال مئی اُس وقت خفّت سے دوچار ہونا پڑا جب منظر عام پر آنے والی ایک وڈیو میں ماکروں کا سابق محافظ الیگزینڈرا بینالا پولیس کا ہیلمٹ پہن کر مظاہرین میں ایک شخص پر تشدد کرتے ہوئے نظر آیا۔