.

امریکی مفادات پر حملے کا ایران کو خمیازہ بھگتنا ہوگا: مائیک پومپیو

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ ایران دہشت گردی کا سب سے بڑا سرپرست ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ اگر ایران نے امریکی مفادات پر حملے کی کوشش کی تو تہران کو اس کی بھاری قیمت چکانا ہوگی۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق ایک بیان میں مائیک پومپیو نے کہا کہ تہران کی طرف سے امریکی مفادات یا ہمارے علاقائی حلیفوں کے مفادات کو خطرہ پہنچا تو ہم تہران کو اس کا بھرپور جواب دیں گے۔

خیال رہے کہ مائیک پومپیو نے اگست کے آخر میں کہا تھا کہ آبنائے ہرمز میں عالمی جہاز رانی کو نقصان پہنچا تو ایران کو اس کی قیمت چکانا ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کا آبنائے ہرمز کو کنٹرول کرنے کا دعویٰ بے بنیاد ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکا اپنے علاقائی حلیفوں کے ساتھ مل کر بین الاقوامی جہاز رانی کو لاحق خطرات کی روک تھام کے لیے موثر اقدامات کررہا ہے۔ اگر آبنائے ہرمز میں عالمی مال بردار جہازوں کو نقصان پہنچتا ہے تو ایران کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی۔

کل جمعہ کے روز ایرانی خبر رساں ادارے ’ارنا‘ نے کہا ہے کہ خلیج عرب کے قریب آبنائے ہرمزمیں ایران اپنی فضائی مشقیں کررہا ہے۔

ایرانی خبر رساں ایجنسی کے مطابق جنگی مشقیں ایرانی دشمنوں کے لیے ایک پیغام ہیں کہ اگر ایران پر حملہ کیا جاتا ہے تو ہم اس کا فوری اور منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

گذشتہ روز اقوام متحدہ میں امریکی مندوبہ نیکی ہیلے کا کہنا تھا کہ تہران خطے میں عدم استحکام پھیلانے کے لیے مذہبی نعروں کا استعمال کررہا ہے۔