.

صومالیہ : امریکی فوج کے فضائی حملے میں الشباب کے 18 جنگجو ہلاک

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

افریقی ملک صومالیہ کے جنوبی صوبے لوئر جوبا میں امریکی فوج کے ایک فضائی حملے میں سخت گیر گروپ الشباب کے 18 جنگجو ہلاک ہوگئے ہیں۔

افریقا میں امریکی فوج کی کمان نے ہفتے کے روز اس حملے کی اطلاع دی ہے اور کہا ہے کہ اس نے الشباب کے جنگجوؤں پر یہ فضائی حملہ اپنے فوجیوں کے دفاع میں کیا ہے۔

اس نے کہا ہے کہ جمعہ کو امریکی یونٹ کے ساتھ کام کرنے والے صومالیہ کے سرکاری فوجیوں نے القاعدہ سے و ابستہ اس گروپ کے دو جنگجوؤں کو ہلکے ہتھیاروں سے جھڑپ کے دوران میں ہلاک کردیا تھا۔
اس نے بیان میں مزید کہا ہے کہ’’ الشباب نے امریکی اور اس کی شراکت دار فورسز پر پہلے حملہ کیا تھا ۔ا س حملے کی زد میں آنے کے بعد امریکا نے جنگجوؤں کے ایک مبینہ ٹھکانے پر فضائی حملہ کیا تھا۔اب ہم اس بات کا جائزہ لے رہے ہیں اس حملے کی زد میں آکر کوئی شہری ہلاک یا زخمی تو نہیں ہوا ہے۔

الشباب کے جنگجوؤں اور صومالی فورسز کے درمیان یہ جھڑپ لوئر جوبا کے ساحلی شہر کسمایو سے 30 میل دور شمال مغرب میں واقع ایک علاقے میں ہوئی تھی۔

صومالیہ میں امریکی فورسز اقوا م متحدہ کی حمایت یافتہ حکومت کی الشباب کے خلاف جنگ میں مدد کررہی ہیں۔الشباب کے جنگجو 2011ء میں دارالحکومت مقدیشو سے انخلا کے بعد ملک کے بیشتر علاقوں میں اب اپنا کنٹرول کھو چکے ہیں ۔ تاہم وہ گاہے گاہے سرکاری سکیورٹی فورسز پر حملے کرتے رہتے ہیں۔