.

مکہ اور مدینہ منورہ کے درمیان تیز رفتار الحرمین ریل منصوبے کا افتتاح

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کے فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے درمیان ریلوے کے ذریعے تیز رفتار رابطے کے منصوبے الحرمین کا افتتاح کردیا ہے۔ اس منصوبے پر 16 ارب ڈالرز سے زیادہ لاگت آئی ہے۔

الحرمین تیزر فتار ریل منصوبے کی افتتاحی تقریب جدہ میں منگل کے روز منعقد ہوئی ہے۔اس میں دوسرے اعلیٰ سعودی عہدے دار بھی شریک تھے۔ اس تیز رفتار ٹرین کے ذریعے عازمینِ حج اور عمرہ کے علاوہ عام مسافر بھی سفر کرسکیں گے۔ یہ ٹرین دونوں شہروں کے درمیان 450 کلومیٹر کا فاصلہ صرف دو گھنٹے میں طے کرے گی۔

حکام کے مطابق یہ ٹرین 300 کلومیٹر فی گھنٹا کی رفتار سے چلے گی اور دونوں شہروں کے درمیان سفر میں 120 منٹ صرف ہوں گے۔

الحرمین ریل منصوبے کے مینجر محمد فلاحہ نے بتایا ہے کہ ’’ الحرمین ٹرین مشرقِ اوسط کے خطے میں ٹرانسپورٹ کا سب سے بڑا منصوبہ ہے ‘‘۔

واضح رہے کہ سعودی عرب نے 2011ء میں اسپین کے ایک کنسورشیم کے ساتھ مکہ اور مدینہ کے درمیان ریل کی پٹڑی بچھانے کے لیے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔اس کے تحت یہ کنسورشیم سعودی عرب کو 35 تیز رفتار ٹرینیں مہیا کرے گا اور بارہ سال تک پٹڑی کی تعمیر ومرمت کا کام بھی کرے گا۔

سعودی عرب اپنے انفرااسٹرکچر کو جدید بنانے اور اس کی ترقی کے لیے بھاری رقوم صرف کررہا ہے۔وہ اس منصوبے کے تحت اپنے ریلوے کے نظام کو توسیع دے رہا ہے ۔اس کے علاوہ دارالحکومت الریاض میں ساڑھے 22 ارب ڈالرز کی لاگت سے میٹرو نظام بھی زیر ِتعمیر ہے۔