.

امریکا نے شام کے حوالے سے اپنے وعدے پورے نہیں کیے: ایردوآن

’کرد پروٹیکشن یونٹس کو منبج سے نکالنے میں امریکا ناکام رہا‘

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

ترکی کے صدر طیب ایردوآن نے امریکا پر شام کے حوالے سے بدعہدی کا الزام عاید کیا ہے۔ ترک صدر کا کہنا تھا کہ شام بالخصوص شمالی علاقے منبج شہر سے کرد ملیشیا کے انخلاء کے حوالے سے واشنگٹن نے اپنے وعدے پورے نہیں کیے۔

خیال رہے کہ امریکا اور ترکی کے درمیاں رواں سال جون میں ایک معاہدہ طے پایا تھا جس کے تحت امریکا کو منبج شہر سے کرد پروٹیکشن یونٹس کے جنگجوؤں کو وہاں سے نکالنے کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔ امریکا، کرد جنگجوؤں کے ساتھ مل کر داعش کے خلاف لڑ رہا ہے جب کہ ترکی کرد ملیشیا کو دہشت گرد تنظیم قرار دیتا ہے۔

ترک صدر نے ایک بیان میں کہا کہ کرد پروٹیکشن یونٹس کے حوالے سے امریکا نے اپنے وعدے پورے نہیں کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا نے جون میں شام کے شہر منبج کے حوالے سے طے پانے والے نقشہ راہ کی خلاف ورزی کی ہے۔

رجب طیب ایردوآن کا یہ بیان ان کی امریکا میں جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے موقع پر سامنے آیا۔ طیب ایردوآن کا کہنا تھا کہ امریکا نے کرد جنگجوؤں کو منبج سے باہر نکالنے کے لیے ٹائم فریم دیا تھا مگر امریکا اپنے اس وعدے پر عمل درآمد نہیں کرسکا ہے۔