.

یمنی فوج نے صعدہ میں حوثی ملیشیا کی بچھائی مزید 400 بارودی سرنگیں تلف کردیں

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

یمنی فوج کی انجنیئرنگ ٹیموں نے عرب اتحاد کی مدد سے صوبہ صعدہ کے شمالی ضلع باقم میں حوثی ملیشیا کی بچھائی گئی 400 بارودی سرنگیں اور دھماکا خیز ڈیوائسز نکال کر تلف کردی ہیں۔

یمنی فوج کے تیسرے بریگیڈ کے کمانڈر بریگیڈئیر جنرل عزیز الخطابی نے بتایا ہے کہ ضلع باقم کے متعدد دیہات اور فارموں میں حوثی ملیشیا نے بارودی سرنگیں اور دھماکا خیز ڈیوائسز نصب کر رکھی تھیں۔فوج کی انجنیئرنگ ٹیموں نے حوثیوں کے قبضے سے آزاد کرائے گئے ان علاقوں میں یہ بارودی سرنگیں اور دھماکا خیز ڈیوائسز نکال کر ناکارہ بنا دی ہیں ۔

ان کا کہنا تھا کہ حوثیوں نے ان میں سے زیادہ تر بارودی سرنگوں اور بموں کودیہات میں واقع فارموں ، شہری آبادیوں اور عوامی شاہراہوں کے قُرب وجوار میں چھپا رکھا تھا۔واضح رہے کہ دوسری عالمی جنگ کے بعد یمن میں حوثی شیعہ باغیوں نے سب سے زیادہ بارودی سرنگیں بچھائی ہیں ۔

ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں نے نہ صرف ان بارودی سرنگوں کو ایک جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کیا ہے جن پر بین الاقوامی سطح پر پابندی عاید ہے بلکہ انھوں نے ان کو کھلی جگہوں اور شہری آبادیوں کے نزدیک بھی بلا تمیز نصب کیا ہے۔ مزید برآں وہ اپنے زیر قبضہ علاقوں کو خالی کرنے سے قبل وہاں بارودی سرنگیں بچھا جاتے ہیں ۔ان کے دھماکوں میں اب تک تین ہزار سے زیادہ یمنی شہری مارے جاچکے ہیں ۔ان میں زیادہ تر خواتین اور بچےتھے۔

انسانی حقوق کی تنظیموں نے خبردار کیا ہے کہ یمن میں بارودی سرنگوں کے د ھماکوں میں شہریوں کی ہلاکتوں میں اضافہ ہوسکتا ہے کیونکہ حوثیوں نے یمن کے مختلف علاقوں میں پانچ لاکھ سے زیادہ بارودی سرنگیں بچھا رکھی ہیں ۔یمن میں بارودی سرنگوں کو تلف کرنے کا کام گذشتہ دو سال سے جاری ہے اور سرکاری سکیورٹی فورسز نے اس عرصے میں حوثی باغیوں سے بازیاب کرائے گئے علاقوں میں تین لاکھ سے زیادہ بارودی سرنگیں ناکارہ بنا دی ہیں ۔