.

اطالیہ نومبر میں لیبیا کے حوالے سے کانفرنس کی میزبانی کرے گا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

اطالوی وزیر خارجہ انزو میلانیزی نے ایک اعلان میں بتایا ہے کہ آئندہ ماہ کی 12 اور 13 تاریخ کو اطالیہ کے شہر سِسلی میں لیبیا کے حوالے سے ایک کانفرنس منعقد کی جائے گی۔ کانفرنس میں بنیادی توجہ تمام فریقوں کو جامع طور پر قریب لانے پر مرکوز ہو گی تا کہ لیبیا میں امن و استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔

میلانیزی کے مطابق مذکورہ امن کانفرنس کے نتیجے میں متعلقہ فریقوں کے بیچ مشترکہ حل سامنے آ سکتا ہے۔ اطالوی وزیر کے مطابق لیبیا کی فوج کے سربراہ خلیفہ حفتر نے کانفرنس پر پوری توجہ دینے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ اس کے علاوہ امریکی سپورٹ بھی سامنے آئی ہے۔

میلانیزی نے بتایا کہ وہ آئندہ پیر کو ماسکو میں روسی وزیر خارجہ سرگئی لاؤروف کے ساتھ ملاقات میں کانفرنس کے منصوبے کو زیر بحث لائیں گے۔

رواں سال مئی میں پیرس میں ہوانے والی ایک کانفرنس میں لیبیا کے رہ نماؤں نے اعلان کیا تھا کہ وہ 10 دسمبر کو ملک میں انتخابات کرائیں گے۔

البتہ متحارب گروپوں کے درمیان جاری جھڑپوں کے بیچ انتخابات کی تاریخ متعین کرنے کے اقدام نے اطالیہ کو چراغ پا کر دیا۔ مغربی سفارت کاروں کی قلیل تعداد کے سوا کوئی بھی یہ نہیں سمجھتا کہ موجودہ حالات میں انتخابات کا اجراء ممکن ہو گا۔