.

سعودی عرب میں مستقبل سرمایہ کاری کانفرنس شیڈول کے مطابق انعقاد پذیر ہوگی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی دارالحکومت الریاض میں مستقبل سرمایہ کاری کانفرنس پہلے سے طے شدہ شیڈول کے مطابق 23 سے 25 اکتوبر تک منعقد ہوگی ۔

مستقبل سرمایہ کاری اقدام کانفرنس کے ترجمان نے ہفتے کے روز ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’ ہم الریاض میں دنیا بھر سے ہزاروں مقررین ، پینلسٹوں ، مندوبین اور معزز مہمانوں کا طے شدہ تاریخوں پر خیرمقدم کرنے کے منتظر ہیں‘‘۔

یہ کانفرنس سعودی شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی سرپرستی اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی صدارت میں منعقد ہوگی۔ اس میں سعودی عرب میں مستقبل میں سرمایہ کاری کے مواقع ، اس کے نتیجے میں شرح نمو میں اضافے ، توانائی کے شعبے میں جدت لانے اور مستقبل میں معیشت کی نئی شکل وصورت ایسے موضوعات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا اور مقررین اپنے مقالے پیش کریں گے۔

ماہرینِ اقتصادیات دنیا میں سرمایہ کاری اور معیشت کے حالیہ اہم رجحانات ، ترقی کے عمل میں جدید ٹیکنالوجیز کے کردار اور شہری مستقبل ، صحت عامہ کے نئے اقدامات اور ابتدائی مرحلے میں معاشی ترقی کے مواقع ایسے موضوعات پر بحث ومباحثے میں حصہ لیں گے۔

دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے ایک سو سے زیادہ معروف کاروباری افراد ، سرمایہ کاروں اور اہم کاروباری اور ٹیکنالوجی اداروں کے سربراہان نے اس کانفرنس میں شرکت کی تصدیق کردی ہے۔