.

ایران نے انقرہ میں اپنے سفارت خانے کے خالی کرانے کی خبر کو جھٹلا دیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے اُس خبر کو جھوٹا قرار دیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں ایرانی سفارت خانے کے اندر ایک خود کش حملہ آور کی موجودگی سے متعلق وارننگ جاری ہونے کے بعد سفارت خانے کو خالی کرا لیا گیا۔

قاسمی نے پیر کے روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ "سفارت خانے کو خالی کرانے کے بارے میں تمام خبریں جھوٹی ہیں۔ سفارت خانے میں کام کرنے والے ملازمین اپنے دفاتر میں مکمل امن و امان کے ساتھ معمول کے کام انجام دے رہے ہیں"۔

اس سے قبل ترکی کے میڈیا نے پیر کے روز بتایا تھا کہ انقرہ میں خود کش دھماکے کی دھمکیوں کے بعد ایرانی سفارت خانے کو مکمل طور پر خالی کرا لیا گیا ہے۔

رپورٹوں کے مطابق ترک پولیس نے انقرہ میں شارع تہران کو بند کر دیا جہاں ایرانی سفارت خانہ واقع ہے۔ اس کے علاوہ پولیس نے احتیاطی اقدام کے طور پر سفارت خانے کی عمارت سے ایرانی سفیر کو باہر نکال لیا۔