.

روس میں شمالی کوریا کے سربراہ کی میزبانی پر کام کر رہے ہیں: کرملن

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

ماسکو میں کرملن ہاؤس نے ایک اعلان میں بتایا ہے کہ رواں سال کے دوران شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن کا ممکنہ دورہ اس وقت زیر بحث ہے۔

روسی صدر ولادی میر پوتین کے خارجہ امور کے مشیر یوری اوشاکوف کے مطابق ماسکو اور پیانگ یانگ کے درمیان دورے کے وقت اور مقام کے حوالے سے بات چیت جاری ہے تاہم ابھی تک اتفاق رائے نہیں ہو سکا ہے۔

اوشاکوف کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب شمالی کوریا کے لیے امریکی انتظامیہ کے ایلچی اسٹیفن بائگون نے منگل کے روز ماسکو میں نائب روسی وزیر خارجہ ایگور مورگولوف سے ملاقات کی۔ روسی وزارت خارجہ کے مطابق ملاقات میں دونوں شخصیات نے شمالی کوریا کے ساتھ جوہری بحران کے تصفیے کے لیے سفارتی کوششیں مضبوط بنانے پر اتفاق رائے کا اظہار کیا۔

بائگون نے رواں ماہ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کے ساتھ شمالی کوریا کا دورہ کیا تھا۔ اس دورے کا مقصد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن کے درمیان دوسری سربراہ ملاقات کی تیاری تھا۔ ابھی تک ملاقات کا مقام متعین نہیں کیا گیا ہے۔