.

روس : کریمیا میں کالج میں بم دھماکا ، 18 افراد ہلاک

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

روس میں ضم گئی ریاست کریمیا میں بدھ کے روز ایک ٹیکنیکل کالج میں بم دھماکے کے نتیجے میں اٹھارہ افراد ہلاک اور چالیس سے زیادہ زخمی ہوگئے ہیں۔

جزیرہ نما کریمیا کے سربراہ سرگئی اکسیونوف نے سرکاری ٹیلی ویژن چینل 24 سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک بڑا المیہ ہے۔انھوں نے بم دھماکے میں اٹھارہ افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہےاور کہا ہے کہ بم دھماکا کالج کے ایک طالب علم نے کیا ہے اور اس کے بعد گولی مار کر خودکشی کر لی ہے۔

روس کی تحقیقاتی کمیٹی کی ترجمان سفویتلانا پیٹرنکو نے بتایا ہے کہ بحر اسود کے کنارے واقع شہر کرچ میں ایک ووکیشنل کالج کی کینٹین میں بم دھماکا ہوا ہے۔مہلوکین اور مجروحین میں زیادہ تر کالج کے طلبہ ہیں۔

روسی صدر ولادی میر پوتین نے مصری صدر عبدالفتاح السیسی کے ساتھ مشترکہ نیوزکانفرنس میں کہا کہ تفتیش کار کالج میں اس تباہ کن بم حملے کی تحقیقات کررہے ہیں اور وہ اس کے محرکات کے بارے میں جاننے کی کوشش کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ روس نے 2014ء میں یوکرین کی ریاست کریمیا کو ضم کر لیا تھا ۔امریکا اور یورپی ممالک نے اس اقدام کی سخت مخالفت کی تھی اور اس کے ردعمل میں روس کے خلاف پابندیاں عاید کردی تھیں۔