بھارت کے زیر انتظام مقبوضہ ریاست کشمیر میں تشدد کے واقعات ، 9 کشمیری شہید

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
4 منٹس read

بھارت کے زیر انتظام ریاست مقبوضہ جموں وکشمیر میں اتوار کو تشدد کے مختلف واقعات میں تین حرّیت پسندوں سمیت نو کشمیری شہید اور تین بھارتی فوجی ہلاک ہوگئے ہیں۔

ریاست کے جنوبی ضلع کولگام میں واقع ایک گاؤں میں ہزاروں افراد نے بھارتی فورسز کی مشتبہ حریت پسندوں کے خلاف کارروائی کے دوران میں مظاہرہ کیا ہے۔انھوں نے حرّیت پسندوں کے مکان کا گھیراؤ کرنے والے بھارتی فوجیوں کی جانب پتھراؤ کیا۔

ریاست کے انسپکٹر جنرل پولیس سویام پرکاش پانی نے کہا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں تین مشتبہ حریت پسند مارے گئے ہیں ۔اس دوران میں وہاں احتجاج کے لیے اکٹھے ہونے والے افراد کے درمیان میں ایک بم دھماکے سے پھٹ گیا جس سے پانچ مظاہرین مارے گئے ہیں ۔

انھوں نے کہا کہ ’’مظاہرین نے سکیورٹی فورسز کے انتباہ کو نظرانداز کردیا تھا اور وہ جھڑپ کی جگہ پر اکٹھے ہوگئے تھے‘‘۔بم دھماکے میں زخمی ہونے والا ایک شخص بعد میں سری نگر کے ایک اسپتال میں دم توڑ گیا ہے۔بھارتی فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے اشک آور گیس کے گولے کے پھینکے تھے اور شاٹ گن سے پیلٹس گولیاں فائر کی تھیں جس سے کم سے کم تیس افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

حکام نے علاقے میں بھارتی فورسز کے ریاستی تشدد کے خلاف احتجاجی مظاہروں کے زور پکڑنے کے بعد موبائل ٹیلی فون سروس کو معطل کردیا ہے۔سری نگر میں بھی کشمیریوں نے سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے ہیں اور پولیس نے انھیں منتشر کرنے کے لیے اشک آور گیس کے گولے پھینکے ہیں۔

ادھر بھارت کے زیر انتظام کشمیر اور پاکستان کے زیر انتظام آزاد کشمیر کے درمیان واقع حد ِ متارکہ جنگ ( کنٹرول لائن) کے نزدیک ایک جھڑ پ میں تین بھارتی فوجی ہلاک اور دو نامعلوم جنگجو مارے گئے ہیں۔

پاکستان کے وزیر برائے امورِ کشمیر اور گلگت بلتستان علی امین گنڈا پور نے مقبوضہ کشمیر کے ضلع کولگام میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں نو کشمیری نوجوانوں کی شہادت پر ریاستی دہشت گردی کی مذمت کی ہے۔ ریڈیو پاکستان کے مطابق انھوں نے ایک بیان میں عالمی برادری کی توجہ بے گناہ کشمیریوں کے خلاف بھارتی سکیورٹی فورسز کے مظالم کی جانب دلائی ہے اور کہا ہے کہ دنیا کو اس ظلم وسفاکیت کو رکوانے کے لیے اس کے خلاف اپنی آواز بلند کرنی چاہیے ۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان بین الاقوامی فورموں پر بھارت کے حقیقی چہرے کو بے نقاب کرنے کا سلسلہ جاری رکھے گا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں