.

ویڈیو: خاتون اور ڈرائیور کی لڑائی، بس پل سے دریا میں جا گری

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

چین سے موصولہ اطلاعات کے مطابق چین میں ایک بس ڈرائیور اور خاتون مسافر کے درمیان دوران سفر ہونے والی ہاتھا پائی کے نتیجے میں ایک بس دریا پر بنے بلند پل سے نیچے جا گری۔ پولیس کے مطابق اس حادثے میں کم سے کم 13 افراد لقمہ اجل بن گئے۔

بس میں نصب مانیٹرنگ کیمرہ سے لی گئی تصاویر حکام نے جاری کی ہیں، ان میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خاتون مسافر ڈرائیور کے سر پر مکا مار رہی ہیں اور بعد میں ڈرائیور بھی جواباً ایسا ہی گھونسا رسید کرتا ہے۔

اس کارروائی میں ڈرائیور بس پر کنڑول کھو بیٹھا اور چلتی بس پل کا حفاظتی جنگلہ توڑتے ہوئے نیچے دریا میں جا گری۔ یہ واقعہ مغربی چین کے علاقے چونگ چنگ میں پیش آیا۔

بس میں پندرہ مسافر سوار تھے، جن میں ابتک 13 کی نعشیں نکالی جا چکی ہیں۔

پولیس کے مطابق 48 سالہ خاتون مسافر بس رکوانا چاہتی تھی کیونکہ وہ اپنی منزل پر اترنا بھول گئی۔ ڈرائیور نے بس روکنے سے انکار کیا جس پر نوبت دونوں کی باہمی گالم گلوچ کے دست بدست لڑائی تک جا پہنچی، جس کا اختتام جان لیوا حادثے کی صورت ہوا۔