.

سعودی عرب:وزارتِ عدل میں کاغذی کام سے نجات کے لیے ’’ای نوٹریانے ‘‘کا آغاز

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کے وزیر انصاف ولید آل صمعانی نے اپنی وزارت میں کاغذی کام کو کم سے کم کرنے اور دفتری امور جلد نمٹانے کے لیے ای نوٹریانے ( نوٹرائزیشن ) کا افتتاح کردیا ہے۔

نوٹری کام کو برقی طو ر پر سر انجام دینے (ای نوٹریانے ) کا 18 نومبر سے باقاعدہ آغاز ہوگا اور اس کے تحت صارفین کو پاور آف اٹارنی ایسے چھوٹے موٹے کاموں کےلیے کسی نوٹری دفتر میں جانے کی اصالتاً ضرورت نہیں ہوگی بلکہ انھیں یہ آن لائن ہی خدمات فراہم ہوجایا کریں گی۔

دارالحکومت الریاض میں ای نوٹریانے کی افتتاحی تقریب کے موقع پر وزیر عدل نے کہا ہے کہ ’’ وزارت نے قومی تبدیلی کے پروگرام 2020ء اور ویژن 2030 کے تحت وضع کردہ مقاصد اور اہداف کے حصول کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھی ہوئی ہیں۔ ان کا مقصد سرکاری خدمات کو صارف دوست اور ارزاں بنانا ہے‘‘۔

انھوں نے کہا کہ ’’ وزارتِ عدل قانونی ، نوٹری اور شعبہ عمل درآمد کے دفتری کام کی تنظیم نو کرنا اور انھیں ڈیجیٹل بنانا چاہتی ہے۔ وہ اس تزویراتی مقصد کو اولین ترجیح دے رہی ہے‘‘۔انھوں نے کہا کہ پاور آف اٹارنی کا علامتی کاغذی کام اب ڈیجیٹل طریقے سے ہوگا اور اسمارٹ ڈیوائسز سے یہ تمام کام کیا جاسکے گا۔

سعودی وزارت عدل نے نوٹری سیکٹر میں آٹھ نئی ای خدمات متعارف کرائی ہیں۔ان میں ڈیجیٹل پاور آف اٹارنی سب سے نمایاں ہے۔اس کے تحت اب دفتری دستاویزات کی ضرورت نہیں ہوگی اور بیشتر صارفین نوٹری دفاتر میں جائے بغیر ہی یہ کام کرسکیں گے۔

وزارت نے بتایا ہے کہ اس طرح سالانہ کاغذوں کی80 لاکھ شیٹوں کی بچت ہوگی اور نوٹری کا کام کم خرچ ہوجائے گا۔ ان نئی ای خدمات کے تحت صارفین اپنی پاور آف اٹارنی اور ان کی قانونی حیثیت کے بارے میں معلومات حاصل کرسکیں گے اور انھیں جن کی ضرورت نہیں ہوگی، وہ انھین منسوخ کرسکیں گے۔نیز وہ پاور آف اٹارنی کی قانونی حیثیت کی جانچ کی ذمے دار ایجنسیوں کے بارے میں بھی جان سکیں گے۔

ایک اور ای خدمت کے تحت سرکاری ادارے پاور آف اٹارنی کی ’’ یسر‘‘ ،ای گورنمنٹ پروگرام ، وزارتِ عدل کے پورٹل اور وزارت کی سرکاری ایپ کے ذریعے تصدیق کرسکیں گے۔اس نئے نظام کے تحت 70 فی صد دفتری طریق کار کو مختصر کردیا گیا ہے اور صارفین کو کسی ڈیٹا انٹری ہال میں جائے بغیر ہی نوٹری دفتر میں سیدھے بھیج دیا جائے گا ۔

وزارتِ انصاف نے ٹائٹل کو اپ ڈیٹ کرنے کے لیے ایک نیا ڈیجیٹل میکانزم متعارف کرانے کا بھی اعلان کیا ہے۔اس سے بھی صارفین کے 90 فی صد کام کی بچت ہوسکے گی۔اس نئے طریقِ کار کے تحت صارفین کو صرف ایک ہی مرتبہ نوٹری دفتر جانے کی ضرورت ہوگی اور اس کو وہاں سے نئی یا مثنیٰ ٹائٹل ڈیڈ تیار مل جائے گی۔