.

حوثی باغی ایرانی میزائل سعودیہ کے خلاف استعمال کر رہے ہیں: امریکا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

امریکا نے ایک بار پھر یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب پر میزائل حملوں‌کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حوثی جنگجو ایران سے حاصل کردہ میزائلوں سے سعودی عرب پرحملے کررہےہیں۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق امریکی وزارت خارجہ کی ترجمان ھیذر نویرٹ نے ایک بیان میں کہا کہ واشنگٹن تہران پر دہشت گردی کی پشت پناہی روکنے کے لیےغیرمعمولی دبائو ڈال رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حوثی باغی سعودی عرب کے خلاف جو میزائل استعمال کررہے ہیں وہ ایران سے حاصل کردہ ہیں۔

ادھر با خبر ذرائع کے مطابق امریکی انتظامیہ حوثی جنگجو گروپ کو بھی دہشت گردی کی فہرست میں شامل کرنے پر غور کررہی ہے۔

اخبار "واشنگٹن پوسٹ" کے مطابق امریکا مشرق وسطیٰ میں ان گروپوں کے حوالے سے مزید سخت پالیسی اپنانے کے لیے کوشاں ہے جنہیں ایران کی پشت پناہی حاصل ہے۔

امریکاکی جانب سے حوثیوں کو بلیک لسٹ کرنے کا مقصد اس گروپ کو مزید تنہا کرنا ہے مگر خدشہ یہ ہے کہ اگر امریکا نے اس گروپ پر پابندیاں عاید کی تو اس کے نتیجے میں یمن میں انسانی بحران مزید گھمبیر ہو جائے گا۔