.

میں نے کبھی کمپیوٹر استعمال نہیں کیا : سائبر سکیورٹی کے جاپانی وزیر

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

جاپان کے سائبر اور اولمپک سکیورٹی کے وزیر یوشیتاکا سوکورادا کا کہنا ہے کہ انہوں نے زندگی میں کبھی کمپیوٹر کا استعمال نہیں کیا۔

جاپانی وزیراعظم شینزو ایبے نے گزشتہ ماہ 68 سالہ سوکورادا کو مذکورہ دونوں منصب سونپے تھے۔ اس سے قبل پارلیمنٹ میں 18 ماہ گزارنے والے سوکورادا کے پاس کوئی وزارتی منصب نہ تھا۔

جاپانی وزیر نے بدھ کے روز پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے خود کہا تھا کہ "میں نے کبھی کمپیوٹر کا استعمال نہیں کیا"۔

وزیر کا مزید کہنا تھا کہ "میں جانتا ہوں کہ جاپانی شہری کے نقطہ نظر سے سائبر سکیورٹی کو بھرپور طریقے سے برقرار رکھنا میرے کام کا حصّہ ہے"۔

جب سوکورادا سے یہ پوچھا گیا کہ کمپیوٹر کے استعمال میں مہارت سے محروم شخص کس طرح سائبر سکیورٹی کی ذمّے داری پوری کر سکتا ہے ،،، تو جاپانی وزیر کا جواب تھا کہ پالیسیوں کا تعیّن قومی حکومت کے علاوہ ان کے دفتر میں موجود کئی اہل کار کریں گے۔ سوکورادا نے پورے یقین کا اظہار کیا کہ کسی قسم کی مشکل پیش نہیں آئے گی۔

اس سے قبل پارلیمنٹ اور پریس کانفرنسوں میں ساکورادا کے جواب میں شدید تنقید سامنے آ چکی ہے۔

پارلیمانی کمیٹی کے سامنے ایک دوسرے موقع پر بات کرتے ہوئے جاپانی وزیر نے بڑی غلطی کا ارتکاب کرتے ہوئے یہ بول دیا کہ 2020ء میں ہونے والے ٹوکیو اولمپکس پر جاپان کے 1500 ين (13.21 ڈالر) خرچ ہوں گے جب کہ انہیں 150 ارب ین (1.32 ارب ڈالر) کہنا تھا۔

علاوہ ازیں اولمپک کھیلوں سے متعلق پریس کانفرنسوں میں ساکورادا نے کئی مرتبہ جواب دیتے ہوئے یہ کہا کہ "مجھے معلوم نہیں"۔