.

سعودی ولی عہد اور عراقی صدر کا دوطرفہ تعلقات اور علاقائی صورت حال پر تبادلہ خیال

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے سوموار کے روز عراقی صدر برہم صالح نے الریاض میں ملاقات کی ہے۔ انھوں نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ ،باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی صورت حال پر بات چیت کی ہے۔

سعودی پریس ایجنسی ( ایس پی آئی) کے جاری کردہ بیان کے مطابق ’’ ملاقات میں دونوں رہ نماؤں نے دونوں برادر ملکوں کے درمیان تعلقات کے مختلف پہلوؤں اور انھیں فروغ دینے کے طریقوں کا جائزہ لیا ہے۔انھوں نے خطے کی تازہ صورت حال اور علاقائی تنازعات کے حل کے لیے کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا ہے‘‘۔

عراقی صدر برہم صالح اتوار کو خطے کے دورے کے آخری مرحلے میں سعودی عرب پہنچے تھے ۔شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ان کے اعزاز میں ظہرانہ دیا تھا اور اس موقع پر انھوں نے عراق اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعاون کے فروغ اور خطے کی تازہ صورت حال پر تبادلہ خیال کیا تھا۔

برہم صالح نے اس سے پہلے ایران ، اردن ، کویت اور متحدہ عرب امارات کا دورہ کیا تھا۔ان کے اس دورے کا مقصد ان ممالک کے ساتھ عراق کے دوطرفہ تعلقات کا فروغ تھا۔