.

عرب اتحاد نے حوثیوں کی 86 بحری سرنگیں تباہ کر دیں

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

یمن میں حوثی باغیوں‌ کے خلاف سرگرم عرب اتحادی فوج نے سمندر میں‌ بچھائی گئی 86 بارودی سرنگیں تباہ کر دیں۔

العربیہ کے مطابق عرب اتحادی فوج کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے ریاض میں ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ عرب فوج بحر الاحمر کے جنوب میں عالمی جہازوں اور تجارتی قافلوں کو ہرممکن تحفظ دینے کی کوششیں جاری رکھی ہوئی ہیں۔ انہی کوششوں کے ضمن میں یمن میں حوثیوں کے خلاف آپریشن کے آغاز سے اب تک سمندر میں بچھائی گئی 86 بارودی سرنگیں تباہ کردی ہیں۔

انہو‌ں نے کہا کہ رواں ہفتے 36 سمندری بارودی سرنگوں کا انکشاف کرنے کے بعد انہیں مسمار کیا گیا۔ ان میں سے 13 بارودی سرنگیں کل اتوار کے روز تلف کی گئیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں‌ نے کہا کہ ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں کی جانب سے سمندر میں بارودی سرنگیں‌ بچھانے کا مقصد بحری جہازوں کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنا اور تجارتی قافلوں کو خطرے میں ڈالنا ہے۔

کرنل ترکی المالکی کا کہنا تھا کہ عرب اتحادی فوج یمن کی فوج کے ساتھ مل کر حوثیوں کی طرف سے درپیش خطرات کے تدارک کے لیے کام کررہی ہے۔ حوثیوں کی جانب سے سمندر میں ماہی گیری کرنے والے شہریوں‌ کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ تجارتی قافلوں اور تیل بردار جہازوں کو نقصان پہنچانے کے لیے بارودی سرنگیں بچھائی جا رہی ہیں۔

انہوں‌ نے کہا کہ یمن کی سمندری حدود، باب المندب بندرگاہ اور بحر الاحمر میں حفاظتی اقدامات علاقائی استحکام کا حصہ ہیں اور عرب فوج یہ ذمہ داری پوری کرتی رہے گی۔