.

کابل : طالبان کے حملے میں برطانیہ کی سکیورٹی فرم جی4 ایس کے پانچ ملازمین ہلاک

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

افغانستان کے دارالحکومت کابل میں برطانیہ کی سکیورٹی فرم جی 4 ایس کے ایک کمپاؤنڈ پر حملے میں اس کے پانچ ملازمین ہلاک اور32 زخمی ہوگئے ہیں۔

اس سکیورٹی فرم کے مینجنگ ڈائریکٹر چارلی بربریج نے جمعرات کو جاری کردہ ایک بیان میں کابل میں بدھ کو اپنے ایک کمپاؤنڈ پر بلااشتعال اور مجرمانہ حملے میں ان ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے اور بتایا ہے کہ زخمیوں میں پانچ ملازمین کی حالت تشویش ناک ہے۔

طالبان نے گذشتہ روز کابل میں جی 4 ایس کے کمپاؤنڈ پر حملے کا دعویٰ کیا تھا۔افغان وزارت صحت کے ترجمان نے بتایا تھا کہ اس حملے میں 10 افراد ہلاک اور 19 زخمی ہوگئے تھے۔

افغان وزارت داخلہ کے ایک عہدے دار کے مطابق حملہ آوروں نے پہلے بارود سے بھری ایک کار کو برطانوی سکیورٹی فرم کے دفاتر کے داخلی دروازے پر دھماکے سے اڑایا تھا ۔اس کے بعد متعدد مسلح افراد اس کے اندر داخل ہوگئے تھے اور انھوں نے فائرنگ شروع کردی تھی۔ پھر ان کی سکیورٹی فورسز سے بھی جھڑپ ہوئی تھی۔

جی 4 ایس کابل میں برطانیہ کے سفارت کاروں کو سکیورٹی مہیا کرتی ہے۔اس کے کمپلیکس پر مارچ میں بھی حملہ کیا گیا تھا اور وہاں ایک حملہ آور بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا تھا جس کے نتیجے میں دو افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

کابل میں گذشتہ روز خودکش بم دھماکے سے چند گھنٹے قبل ہی افغان صدر اشرف غنی نے جنیوا میں اقوام متحدہ کے زیر اہتمام ایک کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ انھوں نے طالبان سے مذاکرات اور ان سے امن سمجھوتے کے لیے ایک ٹیم تشکیل دے دی ہے۔