.

قطر نے بحران کے حل کے لیے موقع گنوا دیا : انور قرقاش

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

متحدہ عرب امارات کے وزیر مملکت برائے امور خارجہ انور قرقاش نے کہا ہے کہ قطر نے بحران کے حل کے لیے موقع گنوا دیا ہے۔ قطری عوام کو اپنی حکومت کی دانش کے بارے میں سوال اٹھانا چاہیے کہ وہ اپنے میڈیا کو سعودی عرب کے خلاف کیوں استعمال کررہی ہے۔

انھوں نے جمعرات کو سلسلہ وار ٹویٹس میں امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کے حال ہی میں شائع شدہ ایک مضمون کا حوالہ دیا ہے۔ اس میں انھوں نے مشرقِ اوسط کے امور میں سعودی عرب کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے اور کہا ہے کہ خطے کے استحکام میں اس کا اہم کردار ہے۔

انور قرقاش ایک ٹویٹ میں لکھتے ہیں کہ’’ مائیک پومپیو نے وال اسٹریٹ جرنل میں شائع شدہ مضمون میں امریکا کی جانب سے سعودی عرب کی تزویراتی حمایت کا اظہار کیا ہے۔انھوں نے سعودی عرب کو سیاسی طور پر تنقید کا ہدف بنانے پر کڑی نکتہ چینی کی ہے اور کہا ہے کہ امریکا کا مؤقف بڑا واضح اور مثبت ہے‘‘۔

یو اے ای کے وزیر مملکت کا کہنا ہے کہ قطر امریکا کے اس مؤقف کے برعکس سعودی عرب کے خلاف میڈیا پر مہم چلا رہا ہے ۔اس کی یہ کارروائی عقل ودانش اور سمت سے عاری لگتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’’امریکا سعودی عرب کے استحکام کی حمایت کرتا ہے اور وہ اس کو ہدف بنانے سے انکاری ہے۔عرب اور خلیج کا مؤقف اس سے بھی واضح ہے ۔سعودی عرب عرب دنیا اور خلیج کی سلامتی ، تعمیر اور خوشحالی کی بنیاد ہے۔وہ آفتوں اور بحرانوں کا شکار خطے میں ہم سب کی خوش حالی کی ضمانت ہے‘‘۔