.

جاپان کی سمندری حدود میں 2 امریکی فوجی طیاروں کا تصادم

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

جاپان کے ساحل کے نزدیک امریکی میرینز کے زیر انتظام دو طیاروں کے تصادم میں امریکی فوج کے چھ اہل کاروں کے لاپتا ہونے کے بعد سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع ہو گیا ہے۔ یہ بات امریکی عہدے داروں نے بدھ کے روز برطانوی خبر رساں ایجنسی کو بتائی۔ حادثے کی وجوہات ابھی تک معلوم نہیں ہو سکیں۔

مذکورہ عہدے داران نے بتایا ہے کہ دونوں طیارے غالبا فضا میں ایندھن کی فراہمی کی تربیت کے دوران غلطی سر زد ہونے کے بعد ٹکرائے۔ حادثہ جاپان کے مقامی وقت کے مطابق رات دو بجے پیش آیا۔

جاپانی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ اس کی بحریہ کی فورسز نے ایک شخص کو بچا لیا جب کہ سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

امریکی میرینز کے بیان کے مطابق دونوں طیاروں نے ایواکانی فضائی اڈے سے اڑان بھری اور حادثے کے وقت وہ معمول کی تربیتی پرواز پر تھے۔

ایک امریکی عہدے دار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ٹکرانے والے طیاروں میں ایک ایف - 18 اور دوسرا کے سی - 130 تھا۔ دونوں طیاروں میں امریکی فوج کے کُل 7 اہل کار سوار تھے۔

واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔