.

سوڈان : طیارہ حادثے میں ریاستی گورنرسمیت سات اعلیٰ عہدے دار ہلاک

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سوڈان کی مشرقی ریاست القضارف میں طیارے کے حادثے میں ریاست کے گورنر اور وزیر زراعت سمیت سات اعلیٰ عہدے دار ہلاک ہوگئے ہیں۔

العربیہ کے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق سوڈانی طیارہ القضارف شہر سے پڑوسی ملک ایتھوپیا کی سرحد کے نزدیک واقع شہر القلابات کی جانب جا رہا تھا اور جائے منزل پر پہنچنے سے قبل گر کر تباہ ہوگیا ہے۔حادثے میں القضارف کے گورنر میر غنی صالح ، صوبائی وزیر زراعت عمر محمد ابراہیم اور پانچ سکیورٹی عہدے دارمارے گئے ہیں۔فوری طور پر حادثے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔

سوڈان میں حالیہ برسوں کے دوران میں متعدد فضائی حادثات پیش آ چکے ہیں۔ 2017ء میں جنوبی سوڈان میں ایک مسافر طیارہ خراب موسم کی وجہ سے گر کر تباہ ہوگیا تھا۔یہ طیارہ گرتے وقت ایک ٹرک سے جا ٹکرایا تھا جس کے بعد اس کو آگ لگ گئی تھی۔

جنوبی سوڈان ہی میں 2015ء میں الجوبا کے ہوائی اڈے پر روسی ساختہ ایک مال بردار طیارہ اڑان بھرنے کے فوری بعد گر کر تباہ ہو گیا تھا۔اس کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔