سعودی عرب : سیاحتی صنعت میں 41 اقسام کی ملازمتیں صرف مقامیوں کے لیے مختص

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
دو منٹ read

سعودی عرب کے وزیر محنت اور سماجی ترقی احمد الراجحی نے سیاحت اور غیر منافع بخش شعبوں میں 41 اقسام کی ملازمتیں صرف سعودی شہریوں کے لیے مختص کرنے کا اعلان کیا ہے۔اس کے علاوہ مدینہ منورہ میں داخلی کمرشل مارکیٹوں میں بھی صرف سعودی مرد و خواتین ملازمتیں کرسکیں گے۔

سعودی عرب کی سرکاری خبررساں ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق وزیر محنت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’ان پیشوں اور سرگرمیوں کا تعلق مختلف جگہوں ، مراکز اور داخلی تجارتی مارکیٹوں ، شاپنگ مالز ، سول اداروں ، ہوٹلوں اور سیاحتی شعبے کی ملازمتوں سے ہے‘‘۔

ان ملازمتوں میں کار ڈرائیور ، سکیورٹی اہلکار ، صارفین کی خدمات پر مامور کیے جانے والے مینجر ، انتظامی مینجر ، مارکیٹنگ اور سیلز کے نمایندگان ،انسانی وسائل کے مینجر اور عملہ اور اس شعبے میں مارکیٹنگ کے نمایندگان شامل ہیں۔

وزیر محنت کے بیان میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ جو کوئی ادارہ یا آجر بھی اس ضابطے کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا ،اس کے خلاف پابندیاں عاید کردی جائیں گی۔

سعودی عرب کی عمومی تنظیم برائے سماجی بیمہ کے مطابق 2017ء کے اختتام پر مملکت میں غیرملکی ملازمین کی تعداد کم ہوکر 79 لاکھ 10 ہزار رہ گئی تھی۔اس سے ایک سال پہلے 2016ء کے اختتام پر یہ تعداد 84 لاکھ 90 ہزار تھی۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں