الحدیدہ میں جنگ بندی کی نگرانی کے لیے ٹیم بھیجنے پر آج سلامتی کونسل میں ووٹنگ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

العربیہ کے نمائندے کے مطابق برطانیہ نے سلامتی کونسل میں آج یمن کے حوالے سے قرارداد پر رائے شماری کا مطالبہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ قرارداد کے حتمی متفقہ متن تک پہنچنے کے لیے اس کے امریکا کے ساتھ مذاکرات ابھی جاری ہیں۔ قرارداد میں ایران کا کوئی ذکر نہیں ہے۔

امریکا نے برطانیہ کی قرارداد پر رائے شماری سے چند گھنٹے قبل سلامتی کونسل میں برطانوی قرارداد کا متبادل متن پیش کیا ہے۔

سلامتی کونسل کے ارکان تقریبا ایک ہفتے سے اس قرار داد کے حوالے سے دشوار گزار مذاکرات میں مصروف ہیں جس کا مقصد سویڈن میں امن بات چیت کے نتائج کی توثیق کرنا ہے۔

سلامتی کونسل میں یمن کے حوالے سے برطانوی قرارداد کا متن سویڈن معاہدے کے نتائج کی تائید کرتا ہے۔

قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ ،،، تمام اطراف کو فائر بندی کا احترام کرنا چاہیے۔ قرارداد میں اقوام متحدہ کے مبصرین کی نگراں ٹیم کو بھیجنے کی اجازت دی گئی ہے، تجارتی اور انسانی امداد کے سامان کی ترسیل میں رکاوٹ نہ ڈالنے پر زور دیا گیا ہے اور حوثیوں کی جانب سے شہریوں کو نشانہ بنانے کی مذمت کی گئی ہے۔

واشنگٹن کے نزدیک برطانیہ کی پیش کردہ قرارداد طویل اور پیچیدہ ہے لہذا اس کو تکنیکی قرارداد کی حد تک رہنا چاہیے۔ اس معاملے پر کویت اور چین بھی امریکی موقف سے متفق ہیں۔

واشنگٹن نے لندن سے مطالبہ کیا تھا کہ قرارداد میں ایران کی جانب سے حوثیوں کے لیے ہتھیاروں کی اسمگلنگ کی مذمت کی جائے تاہم روس نے یہ دھمکی دے دی کہ اگر ایران کا نام آیا تو وہ اپنا ویٹو کا حق استعمال کرے گا۔ اس پر برطانیہ نے ایران کا نام لانے سے پیچھے ہٹ جانے کا فیصلہ کیا اور امریکا کو چراغ پا کر دیا۔

سلامتی کونسل میں عرب ممالک کے موقف کی نمائندگی کویت کے پاس ہے تاہم یہ موقف ابھی تک غیر معین نظر آ رہا ہے۔ بالخصوص اس لیے کہ برطانوی قرار داد میں اس بات کا کوئی ذکر نہیں کہ سویڈن سمجھوتے کی خلاف ورزی کرنے والے یا یمن کا بحران حل کرنے کے لیے ہونے والی سیاسی بات چیت کو معطل کرنے والے فریق کو کس طرح سزا دی جائے گی۔

برطانیہ اس بات کے لیے کوشاں ہے کہ یہ قرارداد جلد از جلد پیش کر دی جائے تا کہ اسٹاک ہوم میں سامنے آنے والی مفاہمت بین الاقوامی نگرانی کے زیر سایہ آ جائے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں