.

سعودی ولی عہد کی شاہ فیصل ائیر اکیڈمی کی گریجوایشن تقریب میں شرکت

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کے ولی عہد ، نائب وزیراعظم اور وزیر دفاع شہزادہ محمدبن سلمان نے دارالحکومت الریاض میں شاہ فیصل ائیر اکیڈمی کے 95 ویں بیچ کے طلبہ کی گریجو ایشن تقریب میں شرکت کی ہے۔

سعودی ولی عہد کے ساتھ الریاض کے نائب گورنر شہزادہ محمد بن عبدالرحمان ، صوبہ الجوف کے گورنر شہزادہ بدر بن سلطان ، وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف نے بھی اتوار کو اکیڈمی میں منعقدہ گریجو ایشن تقریب میں شرکت کی ہے۔ ان کی آمد پر سعودی مسلح افواج کے چئیرمین جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل فیاض الرویلی ، فضائیہ کے کمانڈر شہزادہ ترکی بن ترکی بن بندر بن عبدالعزیز اور شاہ فیصل فضائیہ اکیڈمی کے کمانڈر ائیر میجر جنرل پائیلٹ خالد ال لاعبون نے ان کا خیرمقدم کیا۔

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق اکیڈمی کے کمانڈر شہزادہ ترکی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فضائیہ اور مسلح افواج کی دوسری شاخوں کی ملک اور اس کی قیادت سے وفاداری ، اعلیٰ پیشہ ورانہ تربیت اور حربی تیاریوں پر روشنی ڈالی اور قیادت کی فراخدلانہ امداد وحمایت سے تعمیراتی منصوبے کے مطابق مسلح افواج کو جدید اور ترقی یافتہ بنانے کے لیے جاری سرگرمیوں کے بارے میں بتایا ۔

انھوں نے کہا کہ ’’ مادر وطن کے بیٹے اپنی شبانہ روز تعلیم وتربیت کے عمل سے گزرنے کے بعد اب مملکت کی عملی میدان میں خدمات انجام دینے کے دور میں داخل ہورہے ہیں۔وہ اپنے دین ، بادشاہ اور مادرِ وطن کے دفاع کے لیے اپنی قیمتی متاع جان تک وار کرنے کے لیے تیار ہیں۔آج کی خوشیوں بھری اس تقریب میں ان کے ساتھ ہاشمی مملکت اردن ، بحرین ، جمہوریہ سوڈان اور کویت سے تعلق رکھنے والے ان کے بھائی بھی شریک ہیں‘‘۔

اکیڈمی سے فارغ التحصیل ہونے والوں کی جانب سے گریجوایشن تقریر فیصل بن صالح عسیری نے کی اور انھوں نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمدبن سلمان کا 95 ویں بیچ کے کیڈٹوں کی تقریبِ اسناد میں شرکت اور اسے اعزاز بخشنے پر شکریہ ادا کیا۔