.

آیندہ سال استنبول کے 50 ریڈیو اسٹیشن بند ہوجائیں گے، وہ کیوں؟

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

ترکی کے سب سے بڑے شہر استنبول کے قریباً ایک تہائی ریڈیو اسٹیشن آیندہ سال خاموش ہوجائیں گے۔اس کی وجہ حکومت کا کوئی فیصلہ نہیں بلکہ ریڈیو چینلوں کی نشریات کو ایک نئے ٹاور سے منسلک کیا جارہا ہے اور ا س کی ائیر ویز کی صلاحیت استنبول کے تمام موجودہ 130 ریڈیو اسٹیشنوں کی نشریات کا بوجھ نہیں سہار سکے گی۔

ترک روزنامے حرّیت کی ایک رپورٹ کے مطابق آیندہ سال سے ریڈیو اسٹیشنوں کی نشریات نئے جاملیچا ٹی وی ریڈیو ٹاور پر منتقل کردی جائیں گی ۔اس ٹاور کی صلاحیت محدود ہے،اس لیے 50 ریڈیو اسٹیشنوں کی نشریات بند ہوجائیں گی۔احوال نیوز کے مطابق یہ ٹاور آیندہ سال سے فعال ہوجائے گا۔

ترکی کی سرکاری ریڈیو اور ٹیلی ویژن اتھارٹی نے ایک بیان جاری کیا ہے اور اس میں یہ اطلاع دی ہے کہ استنبول شہر میں فعال ریڈیو اسٹیشنوں کی تعداد کم کرکے 80 کی جارہی ہے کیونکہ شہر میں بہت زیادہ ریڈیو چینلز ہونے کی وجہ سے ان کے سگنلز ایک دوسرے سے گڈ مڈ ہونے کا مسئلہ پیدا ہو گیا ہے۔

اتھارٹی نے کہا ہے کہ شہر سے کہیں دور دراز واقع ملک بلغاریہ سے بھی سگنلز کے گڈ مڈ ہونے کی شکایات موصول ہورہی ہیں۔اتھارٹی نے مزید کہا ہے کہ ایک فریکوینسی کی قیمت دو کروڑ ترک لیرا ہوگی۔