.

یمنی فوج نے حوثیوں کے مضبوط گڑھ صعدہ میں مزید علاقے آزاد کرالیے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

یمنی فوج نے عرب اتحاد کی مدد سے حوثی شیعہ باغیوں کے مضبوط گڑھ صوبہ صعدہ میں ایک نئی کارروائی شروع کی ہے اور اس نے صعدہ سے شمال مغرب میں واقع مران اور علاب میں بہت سے علاقوں کو آزاد کرا لیا ہے۔

یمنی فوج کے تیسرے بریگیڈ کے کمانڈر بریگیڈئیر عزیز الخطابی نے بتایا ہے کہ حوثیوں کے مضبوط گڑھ صعدہ میں نئے محاذوں پر یہ کامیابی زمینی صورت حال کے باریک بینی سے جائزے کے بعد شروع کی گئی مہم کے نتیجے میں ممکن ہوئی ہے اور فوج کا مقصد سے اس علاقے سے حوثی ملیشیا کا کنٹرول ختم کرانا ہے۔

بریگیڈئیر خطابی نے بتایا ہے کہ اس آپریشن کے ذریعے فوج نے مختلف پہاڑی سلسلوں پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے اور البہا السوق کا علاقہ حوثیوں کے قبضے سے آزاد کرا لیا ہے۔ یہ علاقہ 35 کلومیٹر تک پھیلا ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حوثیوں کے ٹھکانوں پر اچانک حملہ کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں ان کا بھاری جانی نقصان ہوا ہے اور ان کے اسلحہ اور فوجی آلات کو بھی تباہ کردیا گیا ہے۔ان کے بہ قول یمنی فوج صعدہ میں عرب اتحاد کی فضائی مدد سے پانچ مختلف اطراف سے پیش قدمی کررہی ہے۔