.

حوثی ملیشیا کی الحدیدہ میں جنگ بندی کی 185 خلاف ورزیاں ،88 امدادی جہاز روک لیے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

ایران کے حمایت یافتہ حوثی شیعہ باغیوں نے یمن کے ساحلی شہر الحدیدہ میں جنگ بندی سمجھوتے کی خلاف ورزیاں جاری رکھی ہوئی ہیں اور انھوں نے مزید 185 خلاف ورزیاں کی ہیں جبکہ انھوں نے امدادی سامان اور تیل لے کر آنے والے بحری جہازوں کو الحدیدہ اور الصلیف کی بندرگاہوں میں داخل ہونے سے روک دیا ہے اور ان میں سے بعض پر قبضہ کر لیا ہے۔

یمن کی اعلیٰ کمیٹی برائے ریلیف نے اس کی وضاحت کرتے ہوئے بتایا ہے کہ حوثی ملیشیا نے مئی 2015 سے دسمبر 2018ء تک سامان سے لدے 34 بحری جہازوں کو روکا تھا اور ان میں سے بعض کو چھے ماہ سے زیادہ عرصے تک روکے رکھنے کی وجہ سے ان پر لدی اشیاء خراب ہوگئی تھیں یا انھیں نقصان پہنچا تھا۔

کمیٹی کے مطابق حوثی ملیشیا نے بحیرہ احمر میں امدادی سامان اور ادویہ سے لدے سات جہازوں اور تیل بردار ٹینکروں پر براہ راست گولے داغے تھے۔ان میں چار بحری جہاز سعودی عرب کے تھے، دو متحدہ عرب امارات سے سامان لے کر آئے تھے اور ایک جہاز ترکی کا تھا۔

حوثی ملیشیا نے الحدیدہ ، صنعاء ، اِب ، تعز ، حجہ اور ضامر میں امدادی سامان سے لدے 697 ٹرکوں پر قبضہ کر لیا اور انھیں لوٹ لیا تھا۔انھوں نے تازہ واردات 29 دسمبر کو الحدیدہ کی بندرگاہ پر کی تھی اور وہاں دارالحکومت صنعاء کی طرف بھیجے جانے والے ایک 32 ٹن وزنی ٹرک کو لوٹ لیا تھا۔انھوں نے جن ٹرکوں کو لوٹا تھا،ان میں سے بعض پر ہیضے کے علاج کے لیے ادویہ اور بچوں کی ویکسین سمیت طبی سامان لد ا ہوا تھا۔

حوثی ملیشیا نے اکتوبر 2018ء میں عالمی خوراک پروگرام ( ڈبلیو ایف پی ) کی جانب سے مہیا کردہ 51 ہزار ٹن گندم پر قبضہ کر لیا تھا۔یہ چالیس لاکھ افراد کی خوراک کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے بھیجی گئی تھی اور ان کے لیے چارماہ تک کافی ہوتی۔

حوثیوں نے شاہ سلمان انسانی امدادی مرکز کی جانب سے بھیجے گئے امدادی سامان سے لدے چار ٹرکوں کو مآرب میں بم پھوڑ کر تباہ کردیا تھا۔یہ ٹرک البیضاء کی جانب جارہے تھے۔انھوں نے عالمی خوراک پروگرام کے گوداموں کو بھی آگ لگا دی تھی جس سے چار ہزار ٹن سے زیادہ گندم ضائع ہوگئی تھی۔

حوثی باغیوں نے امدادی کارکنان اور امدادی اداروں کے گوداموں پر بھی حملے کیے ہیں اور صرف صوبہ الحدیدہ میں ایسی 185 خلاف ورزیاں کی ہیں۔انھوں نے وہاں دو ٹرک ڈرائیوروں کو ہلاک کردیا اور 25 ملازمین کو اغوا کر لیاہے۔