.

امریکا ماسکو میں جاسوسی کے الزام میں گرفتار اپنے شہری تک رسائی کا خواہاں

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ روس ماسکو میں جاسوسی کے الزام میں گرفتار کیے گئے امریکی شہری تک بہت جلد رسائی دے دے گا۔

مائیک پومپیو نے بدھ کو برازیل میں ایک نیوز کانفرنس میں کہا کہ امریکا نے روس پر واضح کر دیا ہے کہ ہماری توقع کیا ہے اور ہم یہ جاننا چاہتے ہیں کہ اس گرفتار امریکی پر کس قسم کے الزامات عاید کیے گئے ہیں۔

روس کی داخلی سکیورٹی سروس ( ایف ایس بی) نے دارالحکومت ماسکو میں گذشتہ جمعہ کو امریکی شہری پال ولان کو جاسوسی کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔اس کے تین روز بعد اس کی گرفتاری کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ اس کو جاسوسی کی ایک کارروائی کے دوران میں رنگے ہاتھوں پکڑا گیا تھا لیکن اس نے مزید تفصیل نہیں بتائی تھی۔

پال ولان امریکی ریاست مشی گن سے تعلق رکھتا ہے ۔ وہ سابق میرین ہے ۔اس کے بھائی کا کہنا ہے کہ وہ ماسکو میں ایک شادی میں شرکت کے لیے گیا تھا۔

مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ اگر پال کو بلاجواز اور غیر مناسب طور پر حراست میں لیا گیا ہے تو ہم اس کی فوری رہائی اور وطن واپسی کا مطالبہ کریں گے۔

روسی خبررساں ایجنسیوں نے گذشتہ سوموار کو اطلاع دی تھی کہ ایف ایس بی نے 28 دسمبر کو اس مشتبہ امریکی جاسوس کو گرفتار کیا تھا اور اس کے خلاف فوجداری کیس کی تحقیقات کی جارہی ہے۔