سلامتی کونسل : الحدیدہ میں جنگ بندی کی نگرانی کے لیے 75مبصرین کی تعیناتی کی منظوری

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
دو منٹ read

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے یمن کے ساحلی شہر الحدیدہ میں جنگ بندی کی نگرانی کے لیے 75 مبصرین کی چھے ماہ کے لیے تعیناتی کی اتفاق رائے سے منظوری دے دی ہے۔

ان مبصرین کو الحدیدہ ،اس کی بندرگاہ اور اس کے علاوہ الصلیف اور راس ِ عیسیٰ کی بندرگاہوں پر تعینات کیا جائے گا۔

سویڈن میں گذشتہ ماہ اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی مارٹن گریفتھس کی ثالثی میں الحدیدہ میں جنگ بندی سے اتفاق کیا تھا۔اس جنگ بندی کی نگرانی کے لیے اقوام متحدہ کے مبصرین کو تعینات کیا جائے گا۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے گذشتہ ماہ 20 مبصرین کی یمن میں تعیناتی کی منظوری دی تھی۔ان کا مینڈیٹ 20 جنوری کو ختم ہورہا ہے۔
برطانیہ کی پیش کردہ قرارداد میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیریس پر زور دیا گیا ہے کہ وہ ڈچ جنرل پیٹرک کمائرٹ کے زیر قیادت الحدیدہ سمجھوتے کی حمایت کے لیے اقوام متحدہ کے مشن کی تعیناتی کا عمل تیز کریں۔

امریکا کے وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے سوموار کو ایک بیان میں یمن میں ایران کے حمایت یافتہ حوثی باغیوں پر الحدیدہ پر جنگ بندی سمجھوتے کی خلاف ورزی کا الزام عاید کیا تھا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں