.

شام میں 'داعش' کو شکست سے دوچار کر دیا گیا ہے: مائیک پنس

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

شمالی شام میں 'داعش' کے حملے کے نتیجے میں دو امریکی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد امریکی نائب صدر نے شام میں 'داعش' کو شکست سے دوچار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

خبر رساں اداروں کے مطابق واشنگٹن میں 184 ممالک کے سفیروں اور سفارت کاروں سے خطاب میں امریکی نائب صدر نے شمالی شام میں داعش کے حملے میں دو امریکی فوجیوں کی ہلاکت کی طرف کوئی اشارہ نہیں کیا۔ تاہم انہوں نے شام میں 'داعش' تنظیم کو شکست سے دوچار کرنے کا دعویٰ کیا۔

امریکی نائب صدر کا کہنا تھا کہ شام میں 'خلافت زمین بوس اور داعش شکست کھا گئی ہے'۔

قبل ازیں امریکی نائب صدر کی خاتون ترجمان الیسا فرح نے کہا تھا کہ شام میں دو امریکی فوجیوں کی ہلاکت کے بارے میں نائب صدر کو مطلع کردیا گیا ہے۔خیال رہےکہ شمالی شام کے منبج شہر میں گذشتہ روز ایک خود کش حملے میں دو امریکی فوجیوں سمیت متعدد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ شدت پسند تنظیم'داعش' نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

منبج میں ہونےوالے خود کش حملے میں امریکیوں کی ہلاکتوں کی متضاد اطلاعات آ رہی ہیں۔ ایک امریکی عہدیدار نے ہلاک ہونے والے فوجیوں کی تعداد 4 بتائی ہے جب کہ ترک صدر طیب ایردوآن نے کہا ہے کہ منبج میں خود ک حملے میں 5 امریکی فوجیوں سمیت 20 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

شام میں انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والےادارے 'آبزرویٹری' مطابق داعش کے حملے میں 19 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔ ایک امریکی عہدیدار نے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ منبج میں ہونے والے خود کش حملے میں چار امریکی فوجی ہلاک اور تین زخمی ہوئےہیں۔