.

عمانوئل ماکروں نہایت بُرے صدر ہیں : اطالوی وزیر داخلہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

اطالوی وزیر داخلہ ماتیو سالوینی نے فرانس کے صدر عمانوئل ماکروں کو ایک "نہایت بُرا صدر" قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ "باتیں زیادہ کرتے ہیں اور کامیابیاں کم حاصل کرتے ہیں"۔

اطالیہ میں دائیں بازو کی جماعت کے سربراہ سالوینی اپنے کٹر نظریات کی وجہ سے معروف ہیں۔ ان کی جماعت ،،، فائیو اسٹار موومنٹ پارٹی کے ساتھ حکومت میں شریک ہے۔

فائیو اسٹار موومنٹ کے سربراہ پہلے ہی رواں ماہ کے اوائل میں فرانس کو اپنے ایک بیان سے چراغ پا کر چکے ہیں۔ انہوں نے بیان میں کہا تھا کہ وہ اور ان کی موومنٹ فرانس میں زرد صدریوں والے مظاہرین کی مدد کے لیے تیار ہیں۔

علاوہ ازیں فرانس کی وزارت خارجہ نے یورپ میں مہاجرین کے بحران کے حوالے سے اطالیہ کی جانب سے فرانس مخالف تبصرے پر پیرس میں اطالوی سفیر کو طلب کر لیا تھا۔

ماتیو سالوینی کے مطابق مسئلہ فرانسیسی عوام کے ساتھ نہیں بلکہ ماکروں کے ساتھ ہے "جو باتیں بہت بناتے ہیں اور کامیابیاں کم سمیٹتے ہیں۔ وہ سخاوت کا درس دیتے ہیں اور دوسری جانب اطالیہ کی سرحد پر ہزاروں مہاجرین کا استقبال کرنے سے انکار بھی کرتے ہیں"۔