.

سعودی میڈیا گروپ ایس آر ایم جی اوربرطانوی انڈی پینڈنٹ کے اشتراک سے ’’آزاد عربیہ ‘‘کا آغاز

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی ریسرچ اور مارکیٹنگ گروپ(ایس آر ایم جی) اور برطانیہ کے آن لائن پبلشر دی انڈی پینڈنٹ کے اشتراک سے ’’انڈی پینڈنٹ عربیہ‘‘ نے لندن سے اپنی خبری ویب گاہ کا آغاز کردیا ہے ۔

ایس آر ایم جی نے سعودی صحافی اور سیاسی تجزیہ کار عضوان الاحمری کو اس آن لائن پلیٹ فارم کا ایڈیٹر انچیف مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے۔اس کا عملہ سعودی عرب اور عرب دنیا سے تعلق رکھنے والے تجربے کار صحافیوں پر مشتمل ہوگا۔انڈی پینڈنٹ عربیہ عربی زبان کے علاوہ ترکی ، اردو اور فارسی زبانوں میں بھی اپنی ویب گاہوں کا اجرا کرے گا۔

الاحمری نے العربیہ انگریزی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ’’اس منصوبے کو بڑا منفرد تجربہ قراردیا جارہا ہے اور یہ مشرقِ اوسط میں اپنی نوعیت کا پہلا منصوبہ ہے‘‘۔

انھوں نے کہا ’’ چار زبانوں میں یہ منصوبہ ایک بڑا چیلنج ہے اور میرے لیے یہ ایک اعزاز اور فخر کی بات ہے کہ میں اس کا حصہ ہوں‘‘۔انھوں نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ نیوز پورٹل ایک مکمل اور گہرائی کی حامل آزاد کوریج کے خواہاں قارئین کے لیے ہوگا اور ان کے لیے نہیں ہوگا جو بریکنگ نیوز کی تلاش میں ہوتے ہیں۔

الاحمری نے خطے اور بالخصوص سعودی عرب کی آزاد کوریج کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ :’’ پہلی بات تو یہ کہ ہم ’’آزاد ‘‘ ہیں،ہم کسی پارٹی کی ملکیت نہیں ۔ہم قارئین سے معروضیت اور اعلیٰ صحافتی معیارات کا وعدہ کرتے ہیں۔ہم اپنی کوریج کا فیصلہ قارئین پر چھوڑ دیں گے اور وقت یہ ثابت کرے گا کہ ہم آزاد ہیں‘‘۔

ان کے ادارے کی عربی زبان میں نیوز سروس کا www.independentarabia.com کے پتے سے اجرا کردیا گیا ہے۔ایس آر ایم جی اور دی انڈی پینڈنٹ کے درمیان طے شدہ ڈیل کا یہ پہلا مرحلہ ہے۔باقی تین زبانوں میں بھی بہت جلد آن لائن مواد پیش کیا جائے گا۔ان چار وں ویب گاہوں کے لیے لندن میں اس کے صدر دفتر میں صحافتی عملہ کے علاوہ اسلام آباد ، استنبول اور نیویارک میں موجود صحافی مواد فراہم کریں گے۔ سعودی دارالحکومت الریاض اور دبئی میں بھی اس کی ٹیمیں موجود ہوں گی ۔ ایس آر ایم جی عرب نیوز اور روزنامہ الشر ق الاوسط کا بھی پبلشر ہے۔