.

یمن: حجہ میں عرب اتحاد کے حوثیوں پر 15 سے زیادہ حملے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

’’العربیہ‘‘ کے ذرائع کے مطابق یمن میں عرب اتحاد کے طیاروں نے اتوار کے روز شمال مغربی صوبے حجہ میں 15 سے زیادہ فضائی حملوں میں حجور قبائل کے علاقوں میں حوثی ملیشیا کے جتھوں کو نشانہ بنایا۔

اتحادی طیاروں نے ہفتے کے روز بھی مذکورہ قبائل کے علاقوں کے اطراف حوثیوں کے عناصر اور کمک پر آٹھ حملے کیے تھے۔

اس سے قبل یمن کے حجور قبائل نے عرب اتحاد سے اپیل کی تھی کہ وہ ضلع کشر میں حجور کے ذیلی قبیلے العبیسہ کے خلاف حوثی باغیوں کی جانب سے راکٹوں اور بھاری گولہ باری کے ذریعے کیے گئے حملے کا مقابلہ کرنے میں ان قبائل کی مدد کرے۔

عینی شاہدین کے مطابق حوثیوں نے العبیسہ قبیلے کے دیہات پر بھاری ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے اندھادھند بم باری کی تھی۔

مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ حوثیوں نے گزشتہ برس ستمبر سے حجور قبائل کے گرد گھیرا تنگ کر رکھا ہے تا کہ انہیں اپنے سامنے جھکا سکیں۔

حجور قبائل حجہ صوبے کے 10 سے زیادہ ضلعوں میں پھیلے ہوئے ہیں اور ان کی تعداد 2 لاکھ کے قریب ہے۔