.

سعودی عرب یمن میں استحکام چاہتا ہے:ولی عہد شہزادہ محمد کی انتونیو گوٹیریس کو یقین دہانی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیریس نے منگل کے روز سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ٹیلی فون پر بات چیت کی ہے اور ان سے یمن کی صورت حال اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

سعودی پریس ایجنسی کے جاری کردہ بیان کے مطابق انتونیو گوٹیریس نے یمن کے متحارب فریقوں (ہادی حکومت اور حوثی باغیوں )کے درمیان مذاکرات میں مثبت نتائج کے حصول کے لیے سعودی عرب کی حمایت پر شکریہ ادا کیا ہے اور اس ضمن میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی کوششوں کو سراہا ہے۔

سعودی ولی عہد نے ان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ’’ سعودی عرب یمنی عوام کے مفادات کے تحفظ اور یمن کے استحکام اور سلامتی کا خواہاں ہیں اور اس سلسلے میں ہر ممکن کوششیں بروئے کار لانے کو تیار ہے‘‘۔

انتونیو گوٹیریس نے ایتھوپیا اور اری ٹیریا کے درمیان حال ہی میں جدہ میں طے پانے والے سمجھوتے کو بھی سراہا ہے اور ان دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی بحالی کے لیے سعودی قیادت کی مصالحتی کوششوں کی تعریف کی ہے۔

انھوں نے ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران میں سعودی ولی عہد کو علاقائی مسائل کے حل اور پیش رفتوں کے ضمن میں بین الاقوامی سطح پر کی جانے والی کوششوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔