.

ایرا ن : مسلح افراد کے حملے میں پولیس اہلکار ہلاک ، تیل کا ٹینکرگولی لگنے سے پھٹ گیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

ایران میں مسلح افراد کے حملے میں ایک پولیس اہلکار ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا ہے جبکہ ان کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے دوران میں تیل کا ایک ٹینکر گولی لگنے سے دھماکے سے پھٹ گیا ہے۔

ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن کی اطلاع کے مطابق بدھ کو فائرنگ کا یہ واقعہ مغربی صوبے لورستان میں ایک گیس اسٹیشن کے نزدیک پیش آیا ہے۔ ٹینکر کے دھماکے سے نزدیک واقع ایک عمارت کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے ہیں۔

پریس ٹی وی نے مزید بتایا ہے کہ زخمی ہونے والے پولیس لیفٹیننٹ کو ایک مقامی اسپتال میں منتقل کردیا گیا ہے اور وہاں اس کی حالت تسلی بخش ہے۔حملہ آور ایک چوری شدہ کار میں جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے۔

فوری طور پر یہ واضح نہیں ہوا ہے کہ ان کے اور پولیس اہلکاروں کے درمیان فائرنگ کا یہ واقعہ کیوں پیش آیا ہے ۔لورستان کے دیہی علاقوں میں عام طور پر قبائل کے درمیان مسلح جھڑپیں ہوتی رہتی ہیں۔اس علاقے کے لوگوں کے پاس ذاتی ہتھیار بھی ہیں۔ گذشتہ سال نومبر میں اس صوبے میں حکام نے اسمگلروں سے 150 بندوقیں ضبط کی تھیں۔