.

بین الاقوامی اتحاد کے ممالک شام اور عراق میں داعش کی سرکوبی میں کامیاب ہو گئے: ٹرمپ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی اتحاد کے ممالک شام اور عراق میں "داعش" تنظیم کا خاتمہ کرنے میں کامیاب ہو گئے۔

ٹرمپ نے یہ بات بدھ کے روز واشنگٹن میں مذکورہ اتحاد کے ایک اجلاس کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا کہ "ہم نے عراق اور شام میں داعش کے کئی کمانڈر ہلاک کر ڈالے"۔ ٹرمپ نے باور کرایا کہ تنظیم کے غیر فعّال گروپوں کا تعاقب جاری رہے گا۔

امریکی صدر کے مطابق غالبا آئندہ ہفتے شام اور عراق میں داعش تنظیم پر 100% قابو پانے کا اعلان کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ "ہماری افواج داعش پر قابو پانے کے فوری بعد واپس لوٹ آئیں گی"۔

ٹرمپ نے کہا کہ "ہم نے 50 لاکھ شہریوں کو اس شدت پسند تنظیم کے تسلط سے آزاد کرایا"۔

اس سے قبل بدھ کے روز امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ شام سے امریکی افواج کے انخلا کے باوجود واشنگٹن داعش تنظیم کے خلاف برسرجنگ بین الاقوامی اتحاد کی قیادت جاری رکھے گا۔

واشنگٹن میں بین الاقوامی اتحاد کے رکن ممالک کے وزراء خارجہ کے سامنے پومپیو نے کہا کہ شام سے انخلا کا یہ ہر گز مطلب نہیں کہ شدت پسندوں کے خلاف امریکا کی معرکہ آرائی اختتام پذٰیر ہو گئی ہے۔

واشنگٹن نے دسمبر میں شام سے امریکی افواج کے انخلا کا اچانک اعلان کر دیا تھا جس پر امریکا کے حلیف ممالک کو کئی مسائل کا سامنا ہے۔