.

نئی دہلی :ہوٹل میں آتش زدگی ، 17 افراد ہلاک ، چار زخمی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں منگل کو علی الصباح ایک ہوٹل میں آتش زدگی سے سترہ افراد ہلاک اور چار زخمی ہوگئے ہیں۔

نئی دہلی کے ڈپٹی پولیس کمشنر ماندیپ سنگھ رندھاوا نے بتایا ہے کہ آرپٹ پیلس ہوٹل میں لگی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے لیکن حکام ابھی تک آگ لگنے کی وجوہ کی تحقیقات کررہے ہیں ۔

یہ ہوٹل نئی دہلی کے مصروف کاروباری علاقے قرول باغ میں واقع ہے۔پانچ منزلہ ہوٹل میں صبح قریباً چار بجے آگ لگی تھی اور اس کے بعد آگ کے شعلے بلند ہونا شروع ہوگئے ۔ آگ بجھانے والے عملہ نے 25 فائر انجنوں کی مدد سے تین گھنٹے کی جدوجہد کے بعد ہوٹل میں لگی آگ پر قابو پا لیا ہے۔

ایک فائر افسر وجے پال نے بتایا ہے کہ امدادی کارکنان نے پینتیس افراد کو ہوٹل سے نکال لیا ہے ۔لاشوں اور زخمیوں کو تین اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔آتش زدگی کے وقت ہوٹل میں پینتالیس افراد رہ رہے تھے۔زیادہ تر افراد جھلسنے یا دم گھٹنے سے ہلاک ہوئے ہیں۔

عینی شاہدین اور ہوٹل میں مقیم افراد نے بتایا ہے کہ آگ پہلے نچلی منزل میں واقع باورچی خانے میں لگی تھی اور پھر وہ آناً فاناً دوسری منزلوں تک بھی پھیل گئی ۔اس وقت لوگ اپنے اپنے کمروں میں سوئے ہوئے تھے اور وہ دھواں پھیل جانے سے دم گھٹنے کے بعد اچانک بیدار ہوئے تھے۔ اس کے بعدہوٹل میں افراتفری پھیل گئی اور لوگ اپنی جانیں بچانے کے لیے ادھر ادھر بھاگنا شروع ہوگئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ امدادی کارروائی مکمل ہوگئی ہے اور ہوٹل کے کمروں کو مکمل جانچ کے بعد کلیئر کردیا گیا ہے۔