.

کانگریس ارکان "امریکا مردہ باد" کہنے والوں کے حق میں جلتی پر تیل کا کام کر رہے ہیں: الجبیر

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور عادل الجبیر کا کہنا ہے کہ کانگریس کے ارکان "امریکا مردہ باد" کے نعرے بلند کرنے والوں کو قوت فراہم کرنے کے مقابل یمن میں عرب اتحاد کی کوششوں کو پیچھے دھکیل رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بات اتوار کے روز امریکی چینل "CBS" کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہی۔ الجبیر کے مطابق عرب اتحاد یمن کو ایران اور حزب اللہ کی حمایت یافتہ دہشت گرد تنظیموں کے ہاتھوں میں جانے سے روکنے کے واسطے یہ جنگ لڑ رہا ہے۔

الجبیر کا کہنا تھا کہ " ہم نے یمنی حکومت کی دعوت پر جنگ کا آپشن اپنایا۔ ہم ایسا نہیں چاہتے تھے لیکن ایک اہم ملک کو اُن دہشت گرد تنظیموں کے ہاتھوں میں جانے کی اجازت نہیں دے سکتے تھے جن کی ڈوریاں ایران اور حزب اللہ کے پاس ہیں۔ یہ عجیب بات ہے کہ کانگریس کے ارکان یمن میں عرب اتحاد کے کردار کو کم کرنے پر تلے ہوئے ہیں اور دہشت گرد تنظٰیموں کے مقابلے میں عرب اتحاد کو پیچھے دھکیل رہے ہیں۔ یہ امر ان لوگوں کو توانائی فراہم کرے گا جو امریکا مردہ باد کے نعرے لگاتے ہیں"۔

یاد رہے کہ عادل الجبیر نے اتوار کے روز واشنگٹن میں امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو سے ملاقات کی تھی۔ اس موقع پر پومپیو نے امریکا کے ساتھ شراکت داری جاری رکھنے پر مملکت سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا۔

دونوں وزراء نے ایک بار پھر باور کرایا کہ یمن میں سیاسی عمل کو آگے بڑھانے کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی مارٹن گریفتھس کی کوششوں کو سپورٹ کیا جاتا رہے گا۔ اس بات پر زور دیا گیا کہ یمنی حکومت اور حوثی ملیشیا دونوں کی جانب سے سویڈن میں طے پانے والے سمجھوتوں پر جلد از جلد عمل درامد کی ضرورت ہے۔