نیتن یاہو کے بیان کے سبب پولینڈ کے وزیراعظم کا اسرائیل کا دورہ منسوخ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
دو منٹ read

پولینڈ کے وزیراعظم نے اپنا اسرائیل کا دورہ منسوخ کر دیا ہے۔ یہ بات وزیراعظم کی ترجمان نے اتوار کے روز پولینڈ کے میڈیا کو بتائی۔ ترجمان کے مطابق یہ اقدام اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے اس بیان کے بعد کیا گیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ ہولوکاسٹ میں پولینڈ بھی ملوث تھا۔

پولینڈ کے وزیراعظم کی ترجمان جوانا کوبنسکا نے برطانوی خبر رساں ایجنسی کو اس امر کی تصدیق کی کہ وزیراعظم ماتوئش موراویئسکی نے اتوار کی دوپہر فون کال پر اسرائیلی ہم منصب بنیامین نیتن یاہو کو دورہ منسوخ کرنے سے متعلق اپنے فیصلے سے آگاہ کیا۔ ترجمان کے مطابق وزیراعظم کے بدلے اب پولینڈ کے وزیر خارجہ جیسک چابوتووچ اسرائیل جائیں گے۔

رواں ہفتے بیت المقدس میں وسطی اور مشرقی یورپ کے 4 ممالک کا سربراہ اجلاس منعقد ہو گا۔

ادھر اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ "یروشلم پوسٹ" نے وارسا کانفرنس کے دوران پولینڈ میں موجود نیتن یاہو کا بیان نقل کرنے میں غلطی کر دی تھی ،،، بعد ازاں اخبار خبر کی تصحیح بھی جاری کر چکا ہے۔ ایک دوسرے بیان میں کہا گیا ہے کہ نیتن یاہو نے قابض جرمن نازیوں کے ساتھ پولینڈ کے تعاون کے بارے میں پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کوئی چھپا ہوا الزام عائد نہیں کیا۔

پولینڈ نے نیتن یاہو کے بیان کی وضاحت پیش کرنے کے لیے اسرائیل کی خاتون سفیر کو طلب کر لیا تھا۔

وزیراعظم ماتوئش موراویئسکی نے پولینڈ کی خبر رساں ایجنسی کو دیے گئے انٹرویو میں بتایا کہ اسرائیلی سفیر نے واضح کیا ہے کہ نیتن یاہو نے اپنی گفتگو میں پولینڈ کے شہریوں کے انفرادی طور پر جرمن نازیوں سے تعاون کا ذکر کیا تھا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں