.

سعودی عرب: شہزادہ خالد بن سلمان نائب وزیر دفاع ، شہزادی ریما واشنگٹن میں نئی سفیر مقرر

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کے نائب شاہ اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اپنے اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے دو فرامین کے ذریعے واشنگٹن میں متعیّن سعودی سفیر شہزادہ خالد بن سلمان کو مملکت کا نیا نائب وزیر دفاع مقرر کیا ہے اور ان کی جگہ شہزادی ریما بنت بندر بن سلطان کو ریاست ہائے متحدہ امریکا میں مملکت کی نئی سفیر مقرر کیا ہے۔

سعودی ولی عہد نے ہفتے کی شب جاری کردہ ایک تیسرے فرمان کے تحت مملکت کے جنوبی علاقے میں فوجی کارروائیوں میں شریک سرکاری ملازمین کو ایک مہینے کی اضافی تنخواہ ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔

قبل ازیں شاہ سلمان نے ایک فرمان جاری کیا تھا۔اس کے تحت انھوں نے اپنے مصر کے دورے کے عرصے میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو اپنا نائب مقرر کیا تھا اور انھیں مملکت سے اپنی عدم موجودگی میں اپنے اختیارات سونپ دیے تھے اور وہ نائب شاہ کی حیثیت سے ان اختیارات کو بروئے کار لا سکتے ہیں۔

خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز مصر کے ساحلی سیاحتی مقام شرم الشیخ میں عرب لیگ اور یورپی یونین کے پہلے مشترکہ سربراہ اجلاس میں شرکت کے لیے گئے ہیں۔ ان دونوں علاقائی تنظیموں کے لیڈروں کا یہ پہلا دوروزہ اجلاس آج اتوار سے شروع ہوا ہے۔

اس اجلاس میں تارکینِ وطن ،علاقائی سلامتی اور موسمیاتی تبدیلی ایسے امور سمیت مشترکہ تزویراتی ترجیحات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا جائے گا اور دونوں تنظیموں میں مختلف شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے پر غور کیا جائے گا۔ اقتصادی ترقی، فلسطینی تنازع اور لیبیا، شام اور یمن میں جاری تنازعات بھی اس اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہیں۔