.

بوتفلیقہ کی صدارتی انتخابات سے دست برداری کے بعد عوام کا سڑکوں پرجشن

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

افریقی ملک الجزائر میں صدر عبدالعزیز بوتفلیقہ کی جانب سے عوامی دبائو کے بعد صدارتی انتخابات میں بہ طورپر امیدوا دست برداری کے بعد عوام جشن مناتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق صدر عبدالعزیز بوتفلیقہ کی جانب سے صدارتی انتخابات میں بہ طور امیدوار دست برداری کے بعد عوام کی بڑی تعداد سڑکوں پر دیکھی جا رہی ہے۔ شہری ایک دوسرے میں خوشی سے مٹھائیاں بانٹ رہے ہیں۔ انہیں قومی پرچم اٹھائے الجزائر زندہ باد کے نعرے لگاتے دیکھا جاسکتا ہے۔

الجزائر کے دارالحکومت اور ملک کی تمام بڑی ریاستوں اور شہروں میں لوگوں‌نے جشن منایا ہے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ الجزائر کی سڑکوں پر ایسا جشن اس وقت دیکھا جاتا ہے قومی فٹ بال ٹیم کسی عالمی مقابلے میں فاتح قرار پائی ہو۔

خیال رہے کہ الجزائر کے صدر عبدالعزیز بوتفلیقہ نے اپنے خلاف جاری احتجاجی تحریک کے بعد 18 اپریل کو ہونے والے صدارتی انتخابات ملتوی کرنے کا اعلان کردیا ہے اور کہا ہے کہ وہ پانچویں مدت صدارت کے لیے بہ طور امیدوار دستبردار ہوگئے ہیں جبکہ وزیراعظم احمد او یحییٰ نے اپنے عہدے سے استعفا دے دیا ہے جس کے بعد بہت جلد نئی کابینہ کا اعلان کیا جارہا ہے۔

الجزائر کی قومی خبررساں ایجنسی اے پی ایس کے مطابق صدر بوتفلیقہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اب صدارتی انتخابات ملک میں آئینی اور سیاسی اصلاحات کے لیے قومی کانفرنس کے انعقاد کے بعد ہوں گے اور یہ کانفرنس 2019ء کے آخر میں ہوگی۔

صدر بوتفلیقہ نے سوموار کے روز الجزائر کے آرمی چیف آف اسٹاف کے ساتھ ملاقات کی ہے اور اس کے بعد انھوں نے صدارتی انتخابات ملتوی کرنے کا اعلان کیا ہے۔

دریں اثناء الجزائری وزیراعظم احمد او یحییٰ اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے ہیں ۔النہار ٹی وی کے مطابق صدر نے ان کی جگہ نورالدین بدوی کو نیا وزیراعظم نامزد کیا ہے اور انھیں کابینہ کی ازسرنو تشکیل کی دعوت دی ہے۔

الجزائری صدر سوئٹزر لینڈ میں کوئی دو ہفتے تک زیر علاج رہنے کے بعد اتوار کو وطن لوٹے تھے۔ وہ گذشتہ ماہ معمول کے طبی معائنے کے لیے سوئٹزر لینڈ گئے تھے اور جنیوا یونیورسٹی اسپتال میں زیرِ علاج رہے تھے ۔ وہ 2013ء میں دل کا دورہ پڑنے کے بعد سے جزوی طور پر معذور ہوچکے ہیں اور گذشتہ برسوں کے دوران میں کم کم ہی عوام میں نظر آئے ہیں۔ آخری مرتبہ وہ گذشتہ سال اپریل میں دارالحکومت الجزائر میں پہیّا کرسی (وہیل چئیر )پر دیکھے گئے تھے۔