امریکی وزیرخارجہ عالمی ایلچی کی یمن میں امن کوششوں کی حمایت پرسعودی ولی عہد کے شکرگزار

مائیک پومپیو کا شہزادہ محمد بن سلمان سے ٹیلی فون پر یمن کی صورت حال اور خطے میں ہونے والی تازہ پیش رفت پر تبادلہ خیال

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
4 منٹس read

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ٹیلی فون پر یمن کی صورت حال پر بات چیت کی ہے۔انھوں نے یمن میں امن عمل کو آگے بڑھانے کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی مارٹن گریفتھس کی کو ششوں کی حمایت پر سعودی ولی عہد کا شکریہ ادا کیا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے بدھ کو جاری کردہ ایک بیان کے مطابق دونوں عہدے داروں نے انسانی حقوق سے متعلق امور اور خطے میں ہونے والی تازہ پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا ہے۔انھوں نے یمن کے متحارب فریقوں پر زور دیا ہے کہ وہ جنگ بندی کے لیے سویڈن سمجھوتے کی مکمل پاسداری کریں ۔

دریں اثنا یمن کی قانونی حکومت نے کہا ہے کہ حوثی ملیشیا کی کونسل کے چئیر مین محمد علی الحوثی اور دوسرے لیڈروں کے حالیہ بیانات ان کی سویڈن سمجھوتے سے دستبرداری کے غماز ہیں۔ اقوام متحدہ کی ثالثی میں یمنی حکومت اور حوثی باغیوں کے درمیان دسمبر میں یہ سمجھوتا طے پایا تھا لیکن اس پر ابھی تک مکمل درآمد نہیں ہو سکا ہے۔

یمنی حکومت کے ترجمان راجح بادی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’ حوثیوں نے فوجی کمک کی وصولی اور مختلف علاقوں میں جنگ چھیڑ کر باضابطہ طور پر اسٹاک ہوم سمجھوتے سے دستبردار ہونے کا اعلان کردیا ہے‘‘۔انھوں نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ’’ حوثیوں پر دباؤ ڈالے تاکہ حدیدہ میں لڑائی کو دوبارہ چھڑنے سے روکا جاسکے‘‘۔

اس سے پہلے محمد علی الحوثی نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ’’اسٹاک ہوم سمجھوتے میں پیش کردہ میکانزم کے تحت الحدیدہ سے انخلا اور وہاں دوبارہ فورسز کی تعیناتی سے ہم نے اتفاق کیا تھا لیکن ہمارے دشمن ( یمنی حکومت ) جس طرح وہاں سے انخلا کا کہہ رہے ہیں تو یہ ناممکن ہے‘‘۔

واضح رہے کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے ماضی قریب میں یمن میں انسانی صورت حال سے نمٹنے کے لیے پچاس کروڑ ڈالرز کی ہنگامی امداد مہیا کرنے کا اعلان کیا تھا۔

امریکی وزیر خارجہ کویت کے دورے کے بعد اسرائیل پہنچے ہیں جہاں وہ اسرائیلی قیادت سے مجوزہ مشرقِ اوسط امن منصوبے پر تبادلہ خیال کرنے والے تھے۔ وہ اپنے مشرقِ اوسط کے دورے کے اگلے مرحلے میں لبنان جائیں گے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں