.

افغان سٹار آئڈل کا اعزاز پہلی مرتبہ خاتون نے جیت لیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

افغانستان کی زہرا الہام نے ملک کا سب سے مشہور میوزک ریئلٹی شو' 'افغان اسٹار آئڈل' کا مقابلہ جیت لیا۔ زہرا یہ مقابلہ جیتنے والی پہلی افغان خاتون ہیں کیونکہ شو کے اب تک ہونے والے تیرہ سیزنز مردوں نے اپنے نام کئے تھے۔

'افغان اسٹار آئڈل' سنہ 200میں شروع کیا گیا تھا اور آج اسے سب سے زیادہ کامیاب ٹی وی شو ہونے کا اعزاز حاصل ہے ۔

زہرا الہام افغانستان کی ہزارہ کمیونٹی سے تعلق رکھتی ہیں۔ ان کے مقابلے میں ایک مرد افغان اسٹار تھے جنہیں زہرا الہام نے شکست دے دی ۔

یہ پروگرام' امریکن آئڈل' کا مقامی ورژن ہے۔ اس مقابلے کے چودہ سیزنز مکمل ہو چکے ہیں جن میں سینکڑوں مرد اور خواتین حصہ لے چکی ہیں لیکن اب تک کسی بھی خاتون یہ فنالے نہیں جیتا تھا۔ یہ اعزاز زہرا کو ملا۔

پروگرام کے فنالے میں زہرہ الہام سمیت 2خواتین فائنل ہوئی تھیں اور ان کے مقابلے میں فائنل ہونے والے لڑکوں کی تعداد چار سے زائد تھی جبکہ آخری تین مقابلوں میں صرف زہرہ الہام ہی واحد خاتون تھیں ۔

فنالے جیتنے کے اعلان کے ساتھ ہی زہرا کو ٹرافی دی گئی۔ ٹرافی وصول کرتے ہوئے زہرا کی آنکھیں چھلک آئیں۔ اپنے جذبات پر قابو پاتے ہوئے انہوں نے کہا 'آج میں افغانستان کی ہر خاتون کی نمائندگی کرتی ہوں ۔ میری جیت افغانستان کی ہر لڑکی کی فتح ہے ۔ '

انہوں نے اس ایوارڈ کا کریڈٹ اپنے والدین اور گھر والوں کو دیا۔ زہرا کے بقول والدین اور اہل خانہ نے ان کی بھرپور انداز میں حوصلہ افزائی کی، اسی حوصلہ افزائی کی بدولت میں یہ اعزاز اپنے نام کرسکی۔

اس سے قبل افغانستان میں طالبان کے برسراقتدار آنے کے بعد اس کے عوامی زندگی پر بھی بہت گہرے اثرات مرتب ہوئے تھے۔مردوں کو داڑھی رکھنا لازمی قرار دیا گیا تو خواتین کو گھروں تک محدود کردیا گیا۔ کھیل کود، تعلیم سب پر پابندیاں لگادی گئیں۔موسیقی اور رقص کے بارے میں تو سوچنا بھی محال تھا۔