.

شاہ سلمان کی سرکاری دورے پر تیونس آمد، عرب سربراہ اجلاس میں شرکت کریں گے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز جمعرات کو سرکاری دورے پر تیونس پہنچ گئے ہیں۔ انھیں اس دورے کی دعوت تیونسی صدر الباجی قاید السبسی نے دی تھی۔ وہ دارالحکومت تیونس میں اتوار کو ہونے والے عرب لیگ کے سربراہ اجلاس میں بھی شرکت کریں گے اور اپنے ملک کے وفد کی قیادت کریں گے۔

صدر الباجی قاید السبسی نے بدھ کو العربیہ نیوز چینل سے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ’’ تیونس کے سعودی عرب کے ساتھ شاندار تعلقات استوار ہیں اور اس وقت وہ اپنی بلندیوں پر ہیں‘‘

شاہ سلمان تیونسی قیادت سے دوطرفہ سیاسی ،سلامتی اور اقتصادی امور کے علاوہ باہمی دلچسپی کے موضوعات پر تبادلہ خیال کریں گے اور ان کے دورے کے موقع پر دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں مشترکہ منصوبے شروع کرنے سے متعلق مفاہمت کی مختلف یادداشتوں پر دست خط متوقع ہیں۔

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق شاہ سلمان کے ہمراہ تیونس جانے والے سرکاری وفد میں وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف بن عبدالعزیز ، وزیر مملکت اور کابینہ کے رکن ڈاکٹر مساعد بن محمد العیبان ، وزیر خارجہ ڈاکٹر ابراہیم بن عبدالعزیز العساف ،وزیر تجارت اور سرمایہ کاری ڈاکٹر ماجد بن عبداللہ الکسبی اور میڈیا کے وزیر ترکی بن عبداللہ الشبانہ شامل ہیں۔