.

چین نے اعتماد سازی کے لیے امریکی مصنوعات پر مزید ٹیکس نہ لگانے کا اعلان کردیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

چین نے امریکا کے ساتھ تجارتی سرگرمیوں میں اعتماد سازی اور خیر سگالی کے لیے امریکی مصنوعات پرٹیکس نہ لگانے کا اعلان کیا ہے۔

چین کی اسٹیٹ کونسل کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یکم اپریل 2019ء سے امریکی مصنوعات پر کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا جائے گا۔ یہ اقدام امریکا کی طرف سے چینی مصنوعات پر ٹیکس نہ لگانے اور خیر سگالی کی کوششوں کے جواب میں کیا گیا ہے۔

گذشتہ برس دسمبر میں چین نے امریکی گاڑیوں، ان کے اسپیئر پارٹس پر تین ماہ کے لیے مزید ٹیکس نہ لگانے کا فیصلہ کیا تھا۔ یہ اعلان اس وقت کیا گیا جب دنیا کی دونوں بڑی معاشی طاقتوں نے تجارتی جنگ بندی کا اعلان کیا تھا۔
چین کی اسٹیٹ کونسل کا کہنا ہے کہ امریکی مصنوعات پرنئے ٹیکس نہ لگانے کا مقصد دونوں‌ملکوں میں تجارتی اور کاروباری سرگرمیوں کو بحال کرنا ہے۔ کونسل کا کہنا ہے کہ امریکی مصنوعات پر نیا ٹیکس مکمل ختم کرنے کے لیے جلد ہی اعلان کیا جائے گا۔

ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ چین کےساتھ تجارتی روابط میں مثبت پیش رفت ہوئی ہے تاہم انہوں‌ نے چین کے ساتھ کوئی بڑی کاروباری ڈیل پر محتاط رہنے کا عندیہ دیا۔