.

سعودی ولی عہد اور عراقی وزیراعظم کا مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کے ولی عہد ، نائب وزیراعظم اور وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان سے عراق کے وزیر اعظم عادل عبدالمہدی نے ملاقات کی ہے اور ان سے دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ہے۔

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق انھوں نے خطے میں ہونے والی تازہ پیش رفت ، سعودی عراقی رابطہ کونسل کے تحت مشترکہ تعاون کے فروغ کے لیے کوششوں اور دونوں ملکوں اور ان کے برادر عوام کے مفاد میں تعاون بڑھانے کے مواقع کے بارے میں بات چیت کی ہے۔

عراقی وزیراعظم بدھ کو ایک بڑے وفد کے ہمراہ سعودی عرب کے دو روزہ سرکاری دورے پر الریاض پہنچے تھے۔ انھوں نے سعودی ولی عہد سے قبل فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کی تھی۔شاہ سلمان نے ان سے گفتگو کرتے ہوئے عراق کے استحکام پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا تھا۔

واضح رہے کہ سعودی عرب نے اسی ماہ کے اوائل میں عراق کے دارالحکومت بغداد میں تیس سال کے بعد اپنا قونصل خانہ دوبارہ کھولا ہے۔مارچ میں سعودی عرب کے اعلیٰ سطح کے ایک وفد نے عراق کا دورہ کیا تھا اور اس موقع پر شاہ سلمان کی جانب سے عراق میں کھیلوں کی سہولیات کی تعمیر کے لیے ایک ارب ڈالر کی امداد مہیا کرنے کا ا علان کیا تھا۔