سوڈان کی حکمراں فوجی کونسل کی مظاہرین کے لیڈروں کو ملاقات کی دعوت

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
4 منٹس read

سوڈان کی حکمراں فوجی کونسل نے آج بدھ کی رات احتجاجی تحریک کے لیڈروں کو ملاقات کی دعوت دی ہے جبکہ مظاہرین فوجی کونسل پر زور دے رہے ہیں کہ وہ ایک سول حکومت کے حق میں اقتدار سے دستبردار ہو جائے ۔

فوجی کونسل کے ایک بیان کے مطابق اس نے اتحاد برائے آزادی اور تبدیلی کے لیڈروں کو آج خرطوم میں صدارتی محل میں ایک اجلاس کے لیے مدعو کیا ہے۔ایک اور بیان میں کونسل نے کہا ہے کہ وہ اس اتحاد کی انقلاب کے لیے پُرامن جدوجہد کو تسلیم کرتی ہے جس کے نتیجے میں طویل عرصے سے برسراقتدار عمر حسن البشیر کے اقتدار کے خاتمے کی راہ ہموار ہوئی تھی۔

بیان میں کونسل کی جانب سے اس امید کا اظہار کیا گیا ہے کہ اس ملاقات کے نتیجے میں مختلف تنظیموں پر مشتمل اس گروپ سے مادرِ وطن کےمستقبل کے حوالے سے بات چیت کی راہ ہموار ہوگی۔

قبل ازیں حزبِ اختلاف کے ایک سینیر لیڈر نے پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ مظاہرین کے قائدین فوجی کونسل کے سربراہ جنرل عبدالفتاح البرہان سے براہ راست ملاقات کو تیار ہیں۔

اتحاد برائے آزادی اور تبدیلی کے ایک رہ نما عمر الدیجیر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’ ہم فوجی کونسل کے سربراہ سے بات چیت کے لیے تیار ہیں اور میرے خیال میں مکالمے کے ذریعے اس مسئلے کو حل کیا جاسکتا ہے‘‘۔

واضح رہے کہ گذشتہ اتوار کو مظاہرین کے لیڈروں نے فوجی کونسل کے ساتھ مذاکرات معطل کرنے کا اعلان کردیا تھا اور اس پر معزول صدر عمر البشیر کے رجیم ہی کی توسیع ہونے کا الزام عاید کیا تھا۔

تاہم سوڈان کے نئے فوجی حکمراں لیفٹیننٹ جنرل عبدالفتاح البرہان نے اپنے پہلے ٹی وی انٹرویو میں کہا تھا کہ ان کے زیر ِقیادت فوجی کونسل اقتدار شہریوں کے سپرد کرنے کے لیے پُرعزم ہے اور وہ احتجاجی تحریک کے قائدین کے پیش کردہ مطالبات کا ایک ہفتے کے اندر جواب دے گی ۔

جنرل عبدالفتاح البرہان نے 12 اپریل کو سوڈان کی عبوری فوجی کونسل کے نئے سربراہ کی حیثیت سے حلف اٹھایا تھا۔اس سے ایک روز قبل ہی فوج نے عمر حسن البشیر کو معزول کرکے گرفتار کر لیا تھا۔انھوں نے اپنے پہلے نشری خطاب میں کہا تھا کہ حزبِ اختلاف کے ساتھ مشاورت کے بعد ایک سول حکومت قائم کی جائے گی۔انھوں نے وعدہ کیا تھا کہ عبوری دور زیادہ سے زیادہ دو سال کے لیے ہوگا۔تاہم احتجاجی تحریک کے قائدین ان سے اقتدار فوری طور پر ایک سول حکومت کے حوالے کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں